روہت شرما دورہ انگلینڈ پر ہندوستان کے کپتان ہوں گے

   

سرفراز کو موقع نہ دیئے جانے کا خدشہ ، مڈل آرڈ ر میں نائر اور رجت کے ناموں پر غور

نئی دہلی : ہندوستانی ٹیم کو آسٹریلیا کے دورے پر عبرتناک شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔علاوہ ازیں روہت شرما کی کپتانی میں ہندوستان بارڈر۔گواسکر ٹرافی 3-1سے ہارگیا۔ اس سے پہلے ٹیم انڈیا نے نیوزی لینڈ کے خلاف گھر پر ٹسٹ سیریز میں کلین سویپ برداشت کیا تھا۔ اس دوران ہندوستانی کپتان روہت شرما نہ صرف سیریز ہارے بلکہ ان کی اپنی انفرادی کارکردگی بھی مایوس کن رہی۔ اس لیے ان پرکافی تنقید کی گئی۔ خاص طور پر دورہ آسٹریلیا کے بعد یہ خیال کیا جا رہا تھا کہ ان کا ٹسٹ کیریئر ختم ہو جائے گا لیکن بی سی سی آئی نے ان پر اپنا اعتماد برقرار رکھا ہے۔ رپورٹ کے مطابق روہت جون میں انگلینڈ میں ہونے والی ٹسٹ سیریز کے لیے ہندوستانی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔ میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سلیکٹرز نے 35 کھلاڑیوں کو فہرست میں شامل کرلیا ہے۔ یہ تمام کھلاڑی 5 میچوں کی ٹسٹ سیریز سے قبل انڈیا اے کے دورہ انگلینڈ کا حصہ بن سکتے ہیں۔ یہ دورہ آئی پی ایل 2025 کے اختتام کے ایک ہفتے بعد شروع ہوگا۔ اس کے ساتھ ہی ورلڈ ٹسٹ چمپئن شپ کے نئے سائیکل کی مہم بھی شروع ہو جائے گی۔روہت اس دوران انڈیا اے ٹیم کے ساتھ سفرکر سکتے ہیں۔ بورڈ کا خیال ہے کہ دورۂ انگلینڈ چیلنجز سے بھرپور ہوگا اور اس کے لیے مضبوط کپتان کی ضرورت ہوگی۔ یاد رہیکہ بارڈر گواسکر ٹرافی میں مایوس کن کارکردگی کے بعد تبدیلیوں کی قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں لیکن چمپئنز ٹرافی جیتنے کے بعد روہت کو بی سی سی آئی کا حمایت ملی ہے اور ان کی ٹسٹ کپتانی بچ گئی۔ روہت کے علاوہ طویل عرصے سے ٹیم سے باہر کرون نائرکی بھی واپسی ہو سکتی ہے۔ ان کے علاوہ رجت پاٹیدارکو بھی دورہ انگلینڈ پر موقع مل سکتا ہے۔ ہندوستان کی ٹسٹ ٹیم کو پچھلے کچھ عرصے سے مڈل آرڈر کے مسائل کا سامنا ہے۔ اس کے لیے سلیکٹرز پاٹیدار اور نائرکو نمبر5 یا 6 مقامات کے لیے غورکررہے ہیں۔ ان دونوں کو انڈیا اے سیریز میں آزمایا جا سکتا ہے۔ بی سی سی آئی اس کے لیے سرفراز خان پر زیادہ اعتماد نہیں دکھا رہی ہے۔ ساتھ ہی سائی سدرشن کو تیسرے اوپنرکے طور پر منتخب کرنے پر بھی غورکیا جا رہا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ شریاس ایئر سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل کیے جانے کے باوجودفہرست میںشامل نہیں ۔