روہت شرما ممبئی انڈینز نہیں چھوڑ رہے

   

ممبئی ۔ آئی پی ایل 2025 کی میگا نیلامی سے پہلے ایک ایسا کھلاڑی ہے جو سب سے زیادہ خبروں میں ہے۔ یہ کوئی اور نہیں بلکہ ٹیم انڈیا کے کپتان روہت شرما ہیں۔ اس کے پیچھے سب سے بڑی وجہ کپتانی کا تنازعہ ہے جو پچھلے سیزن میں ہوا تھا۔ ہاردک پانڈیا اور روہت شرما کے درمیان جو کچھ ہوا اس کے بعد شائقین یہ جاننے کے لیے بے چین ہیں کہ آیا روہت شرما اس بار ممبئی انڈینز میں رہیں گے یا کسی اور ٹیم میں چلے جائیں گے۔ گزشتہ سیزن سے ایسی کئی رپورٹس سامنے آئی ہیں کہ روہت ممبئی چھوڑکرکسی اور ٹیم میں شامل ہوں گے۔ تاہم اب ان کے حوالے سے ایک نیا دعویٰ سامنے آیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق فرنچائزکے ساتھ ان کے تمام تنازعات حل ہوچکے ہیں۔ نیتا امبانی کی فرنچائز نے اپنے سابق کپتان کو برقرار رکھنے کی منظوری دے دی ہے۔ روہت نے بھی فیصلہ کیا ہے کہ وہ ممبئی میں ہی رہیں گے۔ تاہم ابھی تک اس کی باضابطہ تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔