روہت شرما نے جوتوں کے ذریعہ سیو دی رائنو کے تئیں بیداری بڑھائی

   

چینائی: ممبئی انڈینس کے کپتان روہت شرما ویسے پرسکون مزاج کے ہیں، لیکن میدان پر ان کا بلا کافی بولتا ہے ۔ روہت نے اپنے اسی انداز کو قائم رکھتے ہوئے موجودہ آئی پی ایل 2021سیشن میں گریٹ ون ہانرڈ رائنوسورس یعنی ہندستانی رائنو کو بچانے کے تئیں بیداری لانے کا ایک انوکھا طریقہ اپنایا ہے ۔دراصل روہت کل رائل چیلنجرس بنگلورو (آر سی بی) کے خلاف اس سیشن کے پہلے آئی پی ایل مقابلے میں خاص طریقہ کے ڈیزائن والے جوتے پہن کر کھیلنے کے لئے اترے ، جس میں گریٹ ون ہانرڈ رائنوسورس یعنی ہندستانی رائنو جیسی معدوم ہوتی نسل کو دکھایا گیا ہے ، جنہیں بچانے کی بات روہت ہمیشہ کرتے ہیں۔ ان کے جوتوں پر ایک خاص آرٹ کے ذریعہ ہندستانی رائنو چھپے ہوئے تھے اور ساتھ ہی لکھا تھا کہ ‘سیو دی رائنو’۔ یقیناً ان کی اس پہل سے زیادہ لوگوں کو اس بارے میں پتہ چلے گا اور ناپید ہونے والی نسل کو بچانے کی سمت میں کئے جارہی ان کی کوششوں کو مزید تقویت ملے گی۔روہت نے سنیچر کو اپنے سوشل میڈیا پوسٹ میں ایک فوٹو شیئر کرتے ہوئے اس بارے میں کہاکہ کل جب میں میدان پر گیا تو یہ میرے لئے صرف ایک میچ نہیں تھا بلکہ میچ سے کہیں زیادہ تھا۔ کرکٹ کھیلان میرا خوا ب رہا ہے اور اس دنیا کو ایک بہتر جگہ بنانے میں مدد کرنا بھی ایک ایسی وجہ ہے جس پر ہم تمام کو کام کرنے کی ضرورت ہے اور میرے لئے میرے دل کے قریب رائنو نسل کو بچانے کے مقصد کے ساتھ میدان پر جانا بہت خاص تھا۔