روہت شرما نے سنگاکاراکا ریکارڈ برابر کرلیا

   

دبئی۔ 3 جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے اوپنر روہت شرما نے ورلڈ کپ 2019 میں اپنی شان دار کارکردگی کو جاری رکھتے ہوئے بنگلہ دیش کے خلاف 102 کی اننگز کھیل کر رواں ورلڈکپ میں اپنی چوتھی سنچری مکمل کی جس کی بدولت انہوں نے ایک ورلڈ کپ میں 4 سنچریوں کے کمارا سنگاکارا کے ریکارڈ کی برابری کرلی ہے ۔ برمنگھم میں بنگلہ دیش کے خلاف ورلڈ کپ کے 40 ویں میچ میں روہت شرما نے 92 گیندوں کا سامنا کیا، 7 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد 104 رنز بنائے۔ روہت شرما نے ورلڈ کپ 2019 میں اب تک 7 میچ کھیلے اور مجموعی طور پر 4 سنچریاں بنائی ہیں۔ ہندوستان نے ورلڈ کپ 2019 میں اپنا سفر 5 جون کو ساوتھمپٹن سے جنوبی افریقہ کے خلاف کیا تھا جس میں روہت شرما نے ناقابل شکست 122 رنز بنائے تھے۔ آسٹریلیا کے خلاف دوسرے میچ میں اوول میں 9 جون کو 57 رنز بناکر اپنی بہترین کارکردگی کا جاری رکھی۔ ورلڈ کپ کا ایک سنسنی خیز میچ پاکستان اور ہندوستان کی روایتی حریف ٹیموں کے درمیان 16 جون کو مانچسٹر میں کھیلا گیا اور اس میچ میں بھی روہت شرما نے اپنی ٹیم کو کامیابی دلائی تھی۔ پاکستان کے خلاف اہم میچ میں روہت شرما نے 140 رنز کی شان دار اننگز کھیلی تھی تاہم اگلے میچ میں افغانستان جیسی غیر معروف ٹیم کے خلاف صرف ایک رن بنا سکے تھے۔ روہت شرما نے اپنے بلے سے رنز اگلنے کا سلسلہ جاری رکھا اور بنگلہ دیش کے خلاف میچ میں اوپنر راہول کے ساتھ مل کر ٹیم کو ایک بڑے اسکور بنانے کے لیے مضبوط بنیاد فراہم کی اور سنچری بنائی۔ رواں ورلڈ کپ میں چوتھی سنچری کے ساتھ روہت شرما نے اب تک کھیلے گئے میچوں میں سب سے کامیاب بیٹسمین بننے کا بھی اعزاز حاصل کرلیا۔ روہت نے اب تک 7 میچوں میں 90 سے زائد اوسط سے 544 رنز بنائے ہیں جبکہ آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر 8 میچوں میں 516 رنز بنا کر دوسرے اور ایرون فنچ 8 میچوں میں 504 رنز بنا کر تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔یاد رہے کہ سری لنکا کے سابق کپتان کمار سنگاکارا نے ورلڈ کپ 2015 میں انفرادی طور پر 4 سنچریاں بناکر یہ اعزاز حاصل کرنے والے پہلے بیٹسمین بنے تھے۔ قبل ازیں ایک ٹورنمنٹ میں کسی بھی بیٹسمین کی جانب سے سب سے زیادہ 3 سنچریاں بنانے کا ریکارڈ تھا۔ آسٹریلیا کے مارک وا نے 1996، ہندوستان کے سابق کپتان سورو گنگولی نے 2003 اور آسٹریلیا کے ہی سابق اوپنر میتھیو ہیڈن نے 2007 میں 3 سنچریاں بنائی تھیں۔