روہت شرما نے کرکٹ اسٹیڈیم کا سنگ بنیاد رکھا

   

Ferty9 Clinic

شہر کے مضافاتی علاقہ چیگور میں میڈی ٹیشن سیشن میں شرکت

حیدرآباد۔ 5 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بلے باز روہت شرما نے اپنی اہلیہ رِیتیکا کے ساتھ حیدرآباد کے مضافاتی علاقہ چیگور میں انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم کا سنگ بنیاد رکھا۔ اس موقع پر انہوں نے کملیش پٹیل سے ملاقات کی جو ’’داجی‘‘ کے نام سے شہرت رکھتے ہیں اور میڈی ٹیشن سیشن میں بھی حصہ لیا۔ روہت شرما نے کہا کہ کنہا شانتی دنم میں پہنچتے ہی ان کو پرسکون ماحول کا احساس ہوا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے دیگر کرکٹ ساتھیوں کو بھی یہاں لانے کے خواہش مند ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ بچے اور نوجوان مشغلے چاہتے ہیں لیکن میڈی ٹیشن کو اولین اہمیت دی جانی چاہئے کیونکہ کھیل کود میں اس کی بہت اہمیت ہے۔ اس موقع پر داجی نے کہا کہ زندگی میں توازن کیلئے میڈی ٹیشن ضروری ہے۔ روہت شرما نے کرکٹ اسٹیڈیم کیساتھ ٹریننگ سنٹر کا بھی سنگ بنیاد رکھا جو ہارٹ فلنس لرننگ سنٹر کے طلباء کی جانب سے استعمال کیا جائے گا۔ کرکٹ اسٹیڈیم کو روہت شرما سے موسوم کیا گیا۔ اسٹیڈیم میں طلباء کیلئے تمام عصری سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ روہت شرما نے اس موقع پر پودے بھی لگائے اور ہارٹ فلنس سنٹر کے افراد سے تبادلہ خیال بھی کیا۔