آکلینڈ۔ 8 فبروری ۔ (سیاست ڈاٹ کام ) آکلینڈ ٹی 20 میں روہت شرما نے طوفانی اننگز کھیلتے ہوئے چار چھکے اور تین چوکوں کی مدد سے 29 گیندوں میں 50 رن بنائے۔ اس اننگز کے د وران روہت شرما نے کئی ریکارڈس توڑ ڈالے۔ روہت شرما ٹی 20 میں سب سے زیادہ نصف سنچری ، سب سے زیادہ ٹی 20 رن بنانے والے کھلاڑی بن گئے۔ ساتھ ہی ساتھ روہت شرما نے سچن تیندولکر جیسا مقام بھی حاصل کرلیا اور ایم ایس دھونی کے ایک ریکارڈ کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔روہت شرما کے نام اب ٹی 20 انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ 2288 رنز ہوگئے ہیں۔ جبکہ پہلے اس معاملہ میں مارٹن گپٹل اور شعیب ملک ان سے آگے تھے۔ مارٹن گپٹل کے نام 2272رن اور شعیب ملک کے نام 2263 رن ہیں۔آکلینڈ ٹی 20 میچ میں انہوں نے کوگلین کی گیند پر چھکا لگا کر چھکوں کی سنچری بھی پوری کرلی۔ ساتھ ہی ساتھ انٹرنیشنل ٹی 20 کرکٹ میں 100چھکا لگانے والے پہلے ہندوستانی کھلاڑی اور دنیا کے تیسرے بیٹسمین بن گئے ہیں۔ مارٹن گپٹل اور کرس گیل کے نام 103-103 چھکے ہیں۔روہت شرما موجودہ دور میں ٹی 20 کے سب سے طوفانی بلے باز ہیں۔ کلین ہٹنگ کے معاملہ میں دنیا کا کوئی بھی بلے باز ان کے سامنے نہیں ٹھہرتا ہے۔ ویسے روہت کے نشانے پر اب سب سے زیادہ ٹی 20 چھکے لگانے کا ریکارڈ ہوگا۔ روہت 102 چھکے لگاچکے ہیں اور سب سے زیادہ 103 چھکے لگانے والے گیل اور گپٹل کے ریکارڈ کو وہ تیسرے ٹی 20 میچ میں توڑ سکتے ہیں۔