ممبئی : جموں وکشمیر نے رانجی ٹرافی 2024-25 کے دوسرے دورے کے پہلے میچ میں تاریخ رقم کی۔ ممبئی کے خلاف کھیلے گئے میچ میں اس نے یک طرفہ انداز میں کامیابی حاصل کی۔ اس میچ میں ممبئی کی ٹیم اسٹارکھلاڑیوں کے ساتھ میدان میں اتری جس میں روہت شرما، یشسوی جیسوال اور اجنکیا رہانے جیسے اسٹارکھلاڑی شامل تھے لیکن جموں وکشمیر 5 وکٹوں سے مقابلے میں کامیاب رہا ۔یہاں اس بات کا تذکرہ بھی اہم ہے کہ ممبئی رانجی کا دفاعی چمپئن ہے لیکن اس مقابلے میں وہ مکمل طور پر ناکام رہی۔ خاص بات یہ ہے کہ جموں و کشمیر کی ٹیم نے ممبئی کو اس کے گھر پر شکست دی ہے۔ علاوہ ازیں جموں کشمیر نے دوسری بار ممبئی کو شکست دی۔ جموں و کشمیر کے خلاف کھیلے گئے اس میچ میں ممبئی کی کمان اجنکیا رہانے کے ہاتھ میں تھی۔ ساتھ ہی روہت شرما، یشسوی جیسوال، شریاس آئیر، شیوم دوبے اور شاردول ٹھاکر جیسے اسٹارکھلاڑی بھی ٹیم میں شامل تھے لیکن پارس ڈوگرا کی کپتانی میں جموں و کشمیرکی ٹیم نے ان اسٹار کھلاڑیوں کو زیرکیا اور ایک یادگار کامیابی حاصل کی۔ رانجی ٹرافی کی تاریخ میں یہ دوسرا موقع تھا جب دونوں ٹیموں کے درمیان آمنے سامنے ہوئے۔ خاص بات یہ ہے کہ پچھلی بار بھی جموں و کشمیر کی ٹیم جیتنے میں کامیاب رہی تھی۔اس میچ میں ممبئی کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن ممبئی کے بیٹرس اس کا فائدہ نہیں اٹھا سکے اور ساری ٹیم کے اسٹارس بھی 33.2 اوور میں 120 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوئے۔ اس دوران اوپنر روہت شرما صرف3 اور یشسوی جیسوال صرف 4 رنز بنا سکے۔ کپتان رہانے بھی12 رنز بنا سکے۔ شریاس آئر بھی11 رنز بنانے کے بعد اپنی وکٹ گنوا بیٹھے اور شیوم دوبے کا کھاتہ بھی نہ کھول سکے۔ جواب میں جموں و کشمیر کی ٹیم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی پہلی اننگز میں 206 رنز بنائے۔ ممبئی کے اسٹار بیٹرس دوسری اننگز میں بھی ناکام ہوئے۔ تاہم شاردول ٹھاکر کی سنچری کی بنیاد پر ٹیم290 رنز بنا کر جموں و کشمیر کے سامنے 205 رنزکا ہدف دینے میں کامیاب ہو ئی۔ 205 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اترنے والی جموں و کشمیر کی ٹیم نے یہ ہدف صرف 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر کے تاریخی فتح حاصل کی۔ یودھویر سنگھ نے جموں و کشمیر کے لیے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے میچ میں مجموعی طور پر7 وکٹیں حاصل کیں جس کے لیے انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی منتخب کیا گیا۔پہلی اننگز میں روہت شرما کو پریشان کرنے والے فاسٹ بولر عمر سرخیوں میں رہے ۔