نئی دہلی۔13 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کے سرکردہ بیٹسمینوں میں سے ایک وی وی ایس لکشمن نے حیرانی ظاہر کی ہے کہ وزڈن کے سال کے پانچ بہترین کرکٹرز میں ہندوستان کے روہت شرما کا نام نہیں ہے۔وزڈن نے انگلینڈ کے آل راو?نڈر بین اسٹوکس اور آسٹریلیا کی آل راونڈر ایلس پیری کو اپنے 2020 ورژن میں دنیا کا سب سے بہترین کرکٹر قرار دیا تھا۔ 28 سالہ اسٹوکس نے 2019 میں انگلینڈ کی ونڈے ورلڈ کپ جیت میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ اسٹوکس نے ورلڈ کپ میں فائنل کے ناٹ آوٹ 84 سمیت 465 رن بنائے تھے اور سات وکٹ بھی حاصل کئے تھے۔وزڈن کے سال کے پانچ کرکٹرز میں انگلینڈ کے فاسٹ بولر جوفرا آرچر، آسٹریلیا کے فاسٹ بولر پیٹ کمنز اور مارنس لبوشین، ایسیکس کے آف اسپنر سائمن کارمر اور ایلس پیری کو جگہ ملی ہے۔ہندوستان کوورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں شکست ہوئی لیکن روہت نے ٹورنمنٹ میں پانچ سنچری بنائی تھیں جو عالمی ریکارڈ ہے۔ لکشمن نے اسٹاراسپورٹس کے شو کرکٹ کنکٹڈ میں کہاکہ مجھے اس فیصلے سے حیرانی ہوئی ہے کیونکہ وہ اس فہرست میں جگہ حاصل کرنے کے دعویدار تھے۔لکشمن نے کہاکہ یہ ٹھیک ہے کہ ایشز ایک بڑی سیریز ہے لیکن ورلڈ کپ ایشز سے بھی بڑا ہے۔ ورلڈ کپ میں پانچ سنچری بنانے والے کو کیسے نظر انداز کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے ساوتھمٹن کی مشکل پچ پر جنوبی افریقہ کے خلاف سنچری بنائی تھی جبکہ اسی پچ پر دیگر بیٹسمینوں کو رن بنانے کے لئے جدوجہد کرنا پڑی تھی۔