روہت شرما کے کے آر میں شامل ہوں گے !

   

کولکتہ ۔ ممبئی انڈینز کے آئی پی ایل 2024 سے باہر ہونے کے باوجود اس کے تنازعات ختم نہیں ہو رہے ہیں۔ جب ٹورنمنٹ شروع ہوا تو روہت شرما اور ہاردک پانڈیا کے درمیان رسہ کشی کی خبریں آئیں۔ اب ٹیم سے باہر ہونے کے بعد روہت شرما کے فرنچائز چھوڑنے کی قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں۔ حال ہی میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز کی ایک ویڈیو نے اس معاملے کو ہوا دی تھی، جس میں روہت شرما ابھیشیک نائر سے بات کرتے ہوئے نظر آئے ۔ اس ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ وہ ممبئی چھوڑکرکولکتہ جانے کی بات کر رہے تھے۔ اب کے کے آر کے معاون عملے اور کھلاڑیوں کے ساتھ ان کی تصویر نے ہلچل مچا دی ہے۔ ایک بار پھر ہٹ مین کے شاہ رخ خان کی ٹیم میں شامل ہونے کی قیاس آرائیاں تیز ہوگئی ہیں۔ ممبئی انڈینز اور کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے درمیان میچ11 مئی کو ایڈن گارڈنز میں کھیلا گیا لیکن بارش کے باعث میچ کا آغاز تاخیر سے ہوا۔ ایسی صورتحال میں کھلاڑی عموماً اپنی ٹیم کے ساتھ ہوتے ہیں لیکن اس دوران روہت شرما کوکے کے آرکے ڈریسنگ روم میں دیکھا گیا۔ کولکتہ کے کئی کھلاڑی اور معاون عملہ بھی ان کے ساتھ تھا۔ روہت کافی دیر تک اس سے بات کرتے رہے ۔ اب اس تصویر کے سامنے آنے سے ہلچل مچ گئی ہے۔ مداحوں نے قیاس آرائیاں شروع کر دی ہیں کہ وہ اگلے سال شاہ رخ کی ٹیم کے ساتھ کھیلتے نظر آئیں گے۔ دراصل کپتانی کا تنازعہ شروع ہونے کے بعد، رپورٹس آنے لگیں کہ روہت شرما ممبئی کے فیصلے سے بہت ناراض ہیں اور وہ فرنچائز چھوڑ سکتے ہیں اور اب ان تصاویر نے مداحوں کے شکوک و شبہات کو یقین میں بدل دیا ہے۔