روہت نے جے سوریہ کا 22 سالہ قدیم ریکارڈ توڑدیا

   

نئی دہلی۔ 23ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے اوپنر روہت شرما نے ویسٹ انڈیز کے خلاف کٹک ونڈے میچ میں ابتدائی نو رنز بنانے کے ساتھ ہی سنت جے سوریہ کا 22 سال قدیم ریکارڈ توڑ دیا۔ تیسرے ون ڈے میں جیسن ہولڈرکی گیند پر چھکا لگاتے ہی انہوں نے سری لنکا کے لیجنڈ کرکٹر جے سوریہ کے ایک سال میں اوپنر کے طور پر بنائے 2387 رنوں کا ریکارڈ توڑدیا۔ انہوں نے 1997 میں یہ کمال کیا تھا۔ گزشتہ 22 سال میں کسی اوپنر نے ایک سال میں اتنے رنز نہیں بنائے تھے۔ روہت شرما کے نام کٹک ون ڈے میچ سے پہلے 2379 رن تھے۔ کٹک ون ڈے میں روہت نے چوکے کے ساتھ اپنا کھاتہ کھولا۔ روہت شرما نے شیلڈن کوٹریل کے پہلے اوورکو محتاط انداز میں کھیلا اور کوئی رن نہیں بنایا لیکن اس کے بعد ان کے دوسرے اوور کی پہلی گیند پر چوکا لگایا۔ دو گیندوں کے بعد پھر روہت نے باونڈری لگائی۔ جیسن ہولڈر کی گیند پر چھکا لگا کر انہوں نے جے سوریہ کے 2387 رنوں کے ریکارڈ کو پیچھے چھوڑ دیا۔ روہت شرما سے پہلے ویریندر سہواگ کے پاس بھی یہ ریکارڈ توڑنے کا موقع تھا۔ انہوں نے 2008 میں 2355 رن بنائے تھے۔ وہیں آسٹریلیا کے میتھو ہیڈن نے 2003 میں 2349 رن بنائے اور پاکستان کے سعید انور نے 1996 میں 2296 رن بنائے تھے۔ روہت شرما سال 2019 میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کا ریکارڈ پہلے ہی اپنے نام کرچکے ہیں۔ روہت شرما سال 2019 میں زبردست فارم میں ہیں۔ انہوں نے نہ صرف انگلینڈ میں منعقد ہوئے ورلڈ کپ میں پانچ سنچریاں بنائیں بلکہ ٹسٹ کرکٹ میں بھی ان کا بلا جم کر چلا۔ ٹسٹ کرکٹ میں انہوں نے اس سال ڈبل سنچری بھی بنائی۔ یہی نہیں ٹی 20 کرکٹ میں بھی وہ سب سے زیادہ رنز بنانے والوں کی فہرست کپتان ویراٹ کوہلی کے ساتھ مشترکہ طور پر پہلے مقام پر فائز ہیں۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف وشاکھا پٹنم ون ڈے میچ میں انہوں نے 159 رنوں کی شاندار اننگز کھیلی تھی۔ کٹک ون ڈے میچ میں بھی انہوں نے ٹیم کو اچھی شروعات دلائی اور کے ایل راہول کے ساتھ مل کر پہلی وکٹ کیلئے 122 رنوں کی شراکت داری کرکے مضبوط شروعات دلائی۔ روہت نے 63 گیندوں پر آٹھ چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 63 رنوں کی اننگز کھیلی۔