روہت نے 100 ویں مقابلے میں کئی ریکارڈ توڑدیئے

   

راجکوٹ ۔ 8 نومبر (سیاست ڈاٹ کام )ہندوستان کے کارگزار کپتان روہت شرما بنگلہ دیش کے خلاف دوسرے ٹی 20 میچ میں 100 بین الاقوامی ٹوئنٹی 20 میچ کھیلنے والے دنیا کے دوسرے کھلاڑی بن گئے۔ محدود اوورس میں ہندوستان کے نائب کپتان اور اس سیریز میں باقاعدہ کپتان ویراٹ کوہلی کو آرام دیئے جانے کے بعد کپتانی سنبھال رہے روہت نے دہلی میں پہلے ٹی 20 میچ میں اترنے کے ساتھ ہی سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی کو پیچھے چھوڑا تھا ، جنہوں نے 98 ٹی 20 میچ کھیلے تھے۔ روہت نے اب پاکستان کے شاہد آفریدی کو پیچھے چھوڑ دیا ہے ، جن کے نام 99 ٹی 20 میچ ہیں۔ پاکستانی آل راؤنڈر شعیب ملک 111 ٹی 20 میچ کے ساتھ اس فارمیٹ میں 100 میچ کھیلنے والے دنیا کے واحد کھلاڑی ہیں۔ ہٹ مین کے نام سے مشہور روہت نے ٹی 20 میں اپنا پہلا مقابلہ 19 ستمبر 2007 کو ڈربن میں انگلینڈ کے خلاف کھیلا تھا۔ اپنے پہلے میچ میں روہت کو بیٹنگ کرنے کا موقع نہیں ملا تھا ، جبکہ ہندوستان نے ٹی 20 ورلڈ کپ کا یہ مقابلہ 18 رنز سے جیتا تھا۔32 سالہ روہت اس میچ سے پہلے تک 99 ٹی 20 میچوں میں 2452 رنز بنا چکے تھے اور وہ اس فارمیٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمین ہیں۔ روہت اس فارمیٹ میں اب تک چار سنچریوں اور17 نصف سنچریاں بنا چکے ہیں۔ روہت اس فارمیٹ میں سب سے زیادہ سنچری بنانے والے کھلاڑی ہیں۔ ہندوستان کی طرف سے 100 ٹسٹ کھیلنے والے پہلے کھلاڑی سنیل گاوسکر (1984) اور 100 ونڈے کھیلنے والے پہلے کھلاڑی کپل دیو (1987) تھے اور اب ٹی 20 میں 100 میچ کھیلنے والے پہلے ہندوستانی روہت شرما (2019) بن گئے ہیں۔