روہت ویمولہ کی والدہ کی چیف منسٹر سے ملاقات ‘ انصاف کا مطالبہ

   

حیدرآباد 4 مئی ( سیاست نیوز ) روہت ویمولہ کی والدہ رادھیکا ویمولہ نے آج چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ملاقات کرتے ہوئے اپیل کی کہ ان کے خاندان سے انصاف کیا جائے ۔ چیف منسٹر نے انہیں تیقن دیا کہ حیدرآباد یونیورسٹی کے طالب علم روہت ویمولہ نے 2016 میں جو خودکشی کی تھی اس سارے واقعہ کی دوبارہ تحقیقات کروائی جائیں گی اور انصاف کیا جائیگا ۔ ایک سرکاری اعلامیہ میں یہ بات بتائی گئی ۔ پولیس نے روہت ویمولہ کی موت کے واقعہ میں ایک مقامی عدالت میں مقدمہ بند کرنے کی درخواست داخل کی تھی ۔ روہت ویمولہ یونیورسٹی آف حیدرآباد کے طالب علم تھے اور انہوں نے 2016 میں خود کشی کرلی تھی ۔ انہوں نے ذات پات کی بنیاد پر امتیازی سلوک کا الزام عائد کیا تھا ۔ تلنگانہ کے ڈائرکٹر جنرل پولیس روی گپتا نے پہلے ہی اعلان کردیا تھا کہ روہت ویمولہ کی والدہ اور دوسروں کی جانب سے کلوژر رپورٹ پر ظاہر کئے جانے والے خدشات کی وجہ سے اس کیس کی دوبارہ تحقیقات کروائیں گے ۔ متعلقہ عدالت میں ایک درخواست داخل کرکے یہ اجازت طلب کی گئی کہ کیس کی دوبارہ تحقیقات کروائی جائیں۔ پولیس کی جانب سے پہلے ملزمین کو کلین چٹ دی گئی تھی ۔ اس کیس میں ہریانہ کے گورنر بنڈارو دتاتریہ ‘ سابق بی جے پی ایم ایل سی این رامچندر راؤ اور دوسروں کو ماخوذ کیا گیا تھا ۔ پولیس کا کہنا تھا کہ ان کے خلاف کوئی ثبوت نہیں ہے ۔