روہت کاآج 100 واں مقابلہ،ہندوستان کو کرو یا مروصورتحال

   

بنگلہ دیش کے خلاف ٹیم میں تبدیلی کا امکان
راجکوٹ۔6 نومبر (سیاست ڈاٹ کام )کپتان روہت شرما جمعرات کو بنگلہ دیش کے خلاف اپنے کیریئر کے 100 ویں ٹوئنٹی20 بین الاقوامی میچ میں ہندوستانی ٹیم کو بنگلہ دیش کے خلاف یہاں ہر حال میں جیت کے ساتھ سیریز میں برابری دلانے کے ارادے سے اتریں گے ۔ہندوستان کو دہلی میں سیریز کے پہلے ٹوئنٹی20 میچ میں سات وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جو اس کی بنگلہ دیش کے خلاف اس فارمیٹ میں پہلی شکست بھی تھی۔ اسی کے ساتھ مہمان ٹیم نے تین میچوں کی سیریز میں 1-0 سے برتری حاصل کرلی ہے اور سوراشٹر کرکٹ اسوسی ایشن اسٹیڈیم میں ہونے والا دوسرا میچ ٹیم کے لیے کرو یا مرو ہوگا۔ اس میچ پر طوفان ماھا کا خطرہ منڈلا رہا ہے جس سے میچ کے دن بارش کا امکان ہے لیکن دونوں ٹیموں کے لیے راجکوٹ میں مقابلہ اہم ہو جائے گا جہاں گھریلو بورڈ کے ساتھ تنازعات میں گھری بنگلہ دیشی ٹیم ہندوستان کو اسی کی سرزمین پر پہلی بار ٹی20 میں شکست دے کر تاریخ رقم کرنے کی ہرممکن کوشش کرے گی ۔دوسری طرف روہت اپنی کپتانی میں ہر حال میں ہندوستان کو شرمناک شکست سے بچا کر1-1 سے برابری دلانے کی کوشش کریں گے ۔ کوہلی کی غیر موجودگی میں کپتانی سنبھال رہے روہت کے لیے یہ مقابلہ ان کے کیریئر کا 100 واں میچ بھی ہوگا جس کے ساتھ وہ اس فارمیٹ میں 100 میچ کھیلنے والے دنیا کے دوسرے اور ہندوستان کے پہلے بیٹسمین بن جائیں گے ۔ بنگلہ دیش نے اپنے نمبر ایک آل راونڈر شکیب الحسن کی غیر موجودگی کے باوجود پہلے میچ میں حیرت انگیز کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور سات وکٹ سے جیت اپنے نام کی تھی۔ کپتان روہت شرما نے دوسرے اہم مقابلے کیلئے آخری الیون میں تبدیلی کے اشارے دیئے ۔ روہت نے یہاں پریس کانفرنس میں کہا کہ وہ تبدیلی کرنے کے بارے میں سوچ رہے ہیں لیکن یہ راجکوٹ کی پچ پر منحصر ہے ۔ گزشتہ میچ میں خلیل احمد اورکرنال پانڈیا مہنگے ثابت ہوئے تھے جبکہ شوم دوبے بھی ناکام رہے تھے ۔ ٹیم 148 کے اسکور کا دفاع نہیں کر سکی تھی۔ روہت نے کہا ہماری بیٹنگ اچھی ہے اورمجھے نہیں لگتا اس میں تبدیلی کی ضرورت ہے لیکن ہم پچ کا جائزہ لیں گے اور اسی کے مطابق ٹیم کے مفاد میں فیصلہ کریں گے ۔ ہم نے جن فاسٹ بولروںکو دہلی میں اتارا تھا وہ وہاں کی پچ کے مطابق تھا اور راجکوٹ کی پچ پر اسی مناسبت سے ٹیم کا انتخاب کریں گے ۔

دوسرے مقابلے سے سیریز میں واپسی کریں گے:چہل
راجکوٹ۔6 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی لیگ اسپنر یجویندر چہل نے کہا کہ ٹیم بنگلہ دیش کے خلاف پہلے میچ کی شکست سے مایوس نہیں ہے اور وہ مضبوطی کے ساتھ دوسرے میچ میں واپسی کرے گی۔چہل نے یہاں پریس کانفرنس میں کہاکہ پہلا میچ ہارنے کے باوجود ٹیم کے جوش میں کوئی کمی نہیں ہے اور ہم دوسرے میچ میں شاندار واپسی کریں گے۔ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب ہم کسی سیریز کا پہلا میچ ہارے ہیں۔ ہم نے کئی سیریز میں پہلا میچ ہارنے کے باوجود واپسی کرتے ہوئے سریز کو جیتا ہے۔ لیگ اسپنر نے کہاکہ ٹیم پر کوئی دباونہیں ہے۔ یہ تین میچ کی سیریز ہے۔ یہ کوئی ناک آوٹ ٹورنمنٹ نہیں ہے۔ یہ دوطرفہ سریز ہے اور ہم واپسی کرنے کا دم رکھتے ہیں۔ بنگلہ دیش نے یقینی طور پر پہلا میچ اچھا کھیلا تھا اور ہم سے بہتر ثابت ہوئے تھے لیکن دوسرے میچ میں ٹیم اچھی کارکردگی کرے گی اور برابری حاصل کرے گی۔ انہوں نے مہمان ٹیم کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ بنگلہ دیش نے دہلی میں پہلے مقابلے میں اچھا مظاہرہ کیا۔ پہلے کھیلتے ہوئے وکٹ بیٹنگ کیلئے آسان نہیں تھا اور بنگلہ دیش نے دوسری اننگز میں اپنے وکٹ بچا کر رکھے تھے جس کا اس فائدہ ملا تھا۔چہل نے ساتھ ہی کہا کہ ٹیم گزشتہ میچ کی مایوسی کو پیچھے چھوڑ چکی ہے اور وہ نئے حوصلے کے ساتھ راجکوٹ میں فتح حاصل کرنے کے ارادے سے اترے گی۔ چہل نے دہلی میں اپنے پہلے تین اوور میں صرف 11 رنز دیے تھے لیکن ان کے چوتھے اوور میں 13 رن گئے جس نے میچ کا رخ بنگلہ دیش کی جانب کر دیا تھا۔