روہت کا درجہ بندی میں بھی نیا ریکارڈ

   

دبئی۔24 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی اوپنر روہت شرما آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین ٹسٹ بیٹنگ درجہ بندی میں سرفہرست 10 بیٹسمینوں میں پہنچ گئے ہیں، جس کے ساتھ ہی وہ کرکٹ کے تینوں فارمیٹوں کے ٹاپ 10 میں پہنچنے والے ہندوستانی کھلاڑیوں کے زمرے میں بھی شامل ہو گئے ہیں۔ جنوبی افریقہ کے خلاف تین ٹسٹ میچوں کی سیریز میں 3-0 سے ملی کلین سویپ میں اہم کردار ادا کرنے والے مین آف دی سیریز روہت نے بیٹنگ کی درجہ بندی میں چھلانگ لگاتے ہوئے ٹاپ 10 میں جگہ بنا لی ہے۔ انہوں نے سیریز کے آخری رانچی ٹسٹ میں 212 رنز کی ڈبل سنچری اننگز کھیل کر کیریئر کی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ۔ٹسٹ سیریز میں پہلی مرتبہ اوپننگ کرنے والے روہت نے 529 رنز بنائے تھے جس میں ان کی تین سنچریاں شامل ہیں۔رانچی میں اپنی عمدہ کارکردگی کی بدولت وہ 44 ویں مقام سے 10 ویں مقام پر پہنچ گئے ہیں، ان کے 722 نشانات ہیں۔ اجنکیا رہانے کو بھی درجہ بندی میں پانچویں مقام پر پہنچ گئے ہیں۔ ان کے 751 نشانات ہیں۔ بیٹسمینوں کی درجہ بندی میں ہندوستان کے چار کھلاڑی ہیں جس میں کوہلی اپنے دوسرے نمبر پر موجود ہیں، ان کے 926 نشانات ہیں۔ روہت نے ٹسٹ میں ٹاپ 10 میں جگہ بنانے کے ساتھ خود کا نام اس کلب میں شامل کرلیا ہے جنہوں نے تینوں فارمیٹس میں ٹاپ10 میں جگہ بنائی ہے۔ کوہلی اور سابق کرکٹر گوتم گمبھیر کے بعد اب روہت یہ کامیابی حاصل کرنے والے تیسرے ہندوستانی ہیں۔ ونڈے کے ماہر روہت ونڈے درجہ بندی میں اب دوسرے اور ٹوئنٹی 20 بین الاقوامی درجہ بندی میں ساتویں نمبر پر ہیں جو ان کے کیریئر کا بہترین مقام ہے۔ کوہلی تینوں طرز کی کرکٹ میں نمبر ون رہ چکے ہیں جبکہ سابق کھلاڑی اور بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ گوتم گمبھیر ٹسٹ اور ٹوئنٹی 20 میں نمبر ون اور ونڈے میں آٹھویں نمبر پر رہ چکے ہیں۔