رانچی، 30 نومبر (یو این آئی ) سابق کپتان روہت شرما نے آج جھارکھنڈ اسٹیٹ کرکٹ اسوسی ایشن اسٹیڈیم، رانچی میں ہندوستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان پہلے ونڈے میچ میں تین چھکے لگاتے ہوئے ونڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ چھکے مارنے کا ورلڈ ریکارڈ بنا لیا ہے۔ اب روہت کے نام 277 ونڈے میچوں میں 352 چھکے ہیں۔ یہ ریکارڈ پہلے پاکستان کے شاہد آفریدی کے پاس تھا، جنہوں نے 398 میچوں میں 351 چھکے لگائے تھے۔ روہت نے اب تک 503 انٹرنیشنل میچوں میں 19,959 رنز بنائے ہیں اور انٹرنیشنل کرکٹ میں 20 ہزار رنز کے سنگ میل سے صرف 41 رنز دور ہیں۔ اس سے قبل یہ کارنامہ صرف سچن تنڈولکر، ویراٹ کوہلی اور راہول ڈراویڈ نے حاصل کیا ہے ۔ جنوبی افریقہ کے خلاف روہت نے 56 میچوں میں 61 چھکے لگائے ہیں۔ گھریلو میدانوں پر روہت نے اب تک 95 ونڈے میچوں میں 4,924 رنز بنائے ہیں۔ اگلے میچوں میں اگر وہ 76 رنز بناتے ہیں تو وہ گھریلو میچوں میں 5,000 رنز بنانے والے تیسرے ہندوستانی بیاٹر بن جائیں گے۔ ٹسٹ اور T20سے ریٹائر ہونے کے بعد روہت صرف ونڈے میں کھیلتے ہیں۔ ان کے تینوں فارمیٹس میں مجموعی چھکوں کی تعداد 645 چھکے ہیں۔ ٹسٹ: 67 میچوں میں 88 چھکے۔ ونڈے : 277 میچوں میں 352چھکے۔ ٹی ٹوئنٹی: 159 میچوں میں 205 چھکے۔ رانچی میں پہلے ونڈے میچ میں روہت شرما نے 51گیندوں میں پانچ چوکے اور تین چھکوں کی مدد سے 57 رنز بنائے اور شائقین کو محظوظ کیا۔
