ممبئی۔16 جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کو ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کے خلاف 18 رنز سے شکست کے بعد ٹورنامنٹ سے باہر ہونا پڑا اورٹیم کی اس شکست کے بعد سے اس پر کافی بحث ہو رہی ہے کہ کیا ٹیم کپتان ویراٹ کوہلی اور روہت شرما پر بہت زیادہ منحصر ہے۔ ٹورنمنٹ میں ٹیم کا اسکورکارڈ اس بات کی تصدیق کرتا ہے۔ بی سی سی آئی نے ٹیم کے شکست کے بعد جائزہ اجلاس طلب کیا ہے اور وہ اس میں دونوںکھلاڑیوں کی کپتانی پر گفتگو کر سکتی ہے۔اس بارے میں بی سی سی آئی کے ایک عہدیدار نے کہا کہ آئندہ سیریز سے پہلے بورڈ اس پر بحث کرے گا کہ کیا روہت کو ونڈے ٹیم کا کپتان بنایا جائے اور کوہلی ٹسٹ ٹیم کی کپتانی جاری رکھیں۔روہت کے لئے 50 اوور کے فارمیٹ میں کپتانی کی باگ ڈور سنبھالنے کا یہ صحیح وقت ہو گا۔موجودہ کپتان اور انتظامیہ کو بے پناہ حمایت حاصل ہے۔ آئندہ ورلڈ کپ کے لئے منصوبہ بندی کا یہ صحیح وقت ہے اور اس کے لئے موجودہ نظریات اور منصوبوں کو نئے سرے سے دیکھنے کی ضرورت ہے۔ہم سب جانتے ہیں کہ کچھ شعبوںکو ایک نئے نقطہ نظر سے دیکھنے کی ضرورت ہے۔ روہت کپتانی کے لئے بہترین انتخاب ہوں گے۔ حالانکہ اس عہدیدار کے مطابق ورلڈ کپ کے بعد سب سے بڑا مسئلہ کوہلی اور روہت کے درمیان آئی دراڑ کی افواہوں کا ہے۔منتظمین کی کمیٹی کی موجودگی میں کوچ روی شاستری، کوہلی اور چیف سلیکٹر ایم ایس کے پرساد کے درمیان ہونے والی ملاقات میں ان تمام معاملات پر بات چیت کی جائے گی۔ بی سی سی آئی عہدیدار نے کہاکہ آپ جانتے ہیں کہ ونود رائے پہلے ہی ذکر کر چکے ہیں کہ ایک اجلاس طلب کریں گے جس میں ٹیم کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔