روہت کو سال کے اور چہرکو ٹی20 کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ

   

دبئی۔16 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کے نائب کپتان روہت شرما کو سال 2019 میں ونڈے کرکٹ میں ان کی شاندار کارکردگی کے لئے آئی سی سی ایوارڈ میں ونڈے کرکٹر آف دی ایر منتخب کیا گیا ہے جبکہ ہندوستانی کپتان وراٹ کوہلی کو اسپرٹ آف کرکٹ ایوارڈ اور ہندوستانی فاسٹ بولر دیپک چہرکو ٹی20 میں بہترین بولنگ کے لئے منتخب کیا گیا ہے۔ انگلینڈ کے آل راؤنڈر بین اسٹوکس کو آئی سی سی پلیئر آف دی ایئر منتخب کیا گیا ہے ، جس کے لئے انہیں سرگارفیلڈ سوبرس ٹرافی ملے گی۔ بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے آئی سی سی ایوارڈز کا اعلان کر دیا ہے۔ آسٹریلیا کے فاسٹ بولر پیٹ کمنزکو ٹسٹ پلیئر آف دی ایئر منتخب کیا گیا ہے۔ 32 سالہ روہت شرما کو ونڈے کرکٹر آف دی ایئر منتخب کیا گیا ہے۔ روہت نے انگلینڈ میں ورلڈ کپ 2019 کے دوران ریکارڈ پانچ سنچری بنائی تھی۔ انہوں نے گزشتہ سال سات سنچریوں سمیت کیلنڈر سال میں سب سے زیادہ 1490 رنز بنائے ۔ ہٹ مین کے نام سے مشہور ہندوستانی اوپنر نے 28 ونڈے مقابلوں میں 57.30 کے اوسط سے یہ کامیابی حاصل کی۔ روہت نے ورلڈ کپ میں نو اننگز میں 81 کے اوسط سے 648 رن بنائے تھے۔ ہندوستانی کپتان اور عالمی نمبر ایک بیٹسمین ویراٹ کوہلی کو اسپرٹ آف کرکٹ ایوارڈ کے لئے منتخب کیا گیا ہے۔ کوہلی نے انگلینڈ میں ورلڈ کپ کے دوران مداحوں سے آسٹریلیا کے سابق کپتان اسٹیو اسمتھ کی بے عزتی نہ کرنے کی درخواست کی تھی۔ اسمتھ گیند سے چھیڑ چھاڑ کرنے کے الزام میں ایک سال کی پابندی کے بعد کرکٹ میں واپسی کی تھی جس پر شائقین انہیں مقابلے کے دوران فقرے بازی سے پریشان کررہے تھے۔ کوہلی نے مداحوں سے اسمتھ کی حوصلہ افزائی کی اپیل کی تھی۔ دراصل میچ میں کوہلی بیٹنگ کر رہے تھے۔ اس وقت اسمتھ باؤنڈری کے قریب فیلڈنگ کر رہے تھے۔ وہاں موجود شائقین نے اسمتھ کو ستانا شروع کر دیا تھا اور پھر کوہلی نے ناظرین کو ایسا کرنے سے روکا تھا۔ کوہلی کو اس کے علاوہ سال کی آئی سی سی ٹسٹ اور ونڈے ٹیموں کا کپتان بھی منتخب کیا گیا ہے۔ یہ مسلسل تیسرا سال ہے جب کوہلی کو آئی سی سی کی ٹسٹ اور ونڈے ٹیموں کا کپتان منتخب کیا گیا ہے۔ کوہلی نے 2018 اور 2019 میں بھی یہ کامیابی حاصل کی تھی۔