روہت کو متنازعہ آوٹ دینے پر نئی بحث

   

لندن ۔28 جون (سیاست ڈاٹ کام ) رواں ورلڈ کپ میں ہندوستانی اوپنر روہت شرما کو ویسٹ انڈیز کے خلاف آوٹ قرار دئے جانے پر بحث شروع ہوگئی ہے۔ روہت کو ہندوستانی اننگز کے چھٹے اوورس میں کیمر روچ کی گیند پر وکٹ کیپر کے ہاتھوں کیچ آوٹ قرار دیا گیا۔ اس سے پہلے میدانی امپائر نے کیچ آوٹ کی اپیل مسترد کردی تھی جس کے بعد ٹی وی امپائر نے انہیں آوٹ دیا لیکن روہت شرما تھرڈ امپائر کے فیصلے سے متفق نظر نہیں آئے، لیکن انہوں نے کوئی مخالفت نہیں کی۔ وہیں اسٹیڈیم میں بیٹھیں روہت شرما کی اہلیہ ریتیکا سجدیہہ بھی اس فیصلے پر حیران نظر آئیں۔ ان کے رد عمل سے صاف ظاہرہورہا تھا کہ انہیں یہ فیصلہ صحیح نہیں لگا۔ آوٹ ہونے سے پہلے روہت نے 23 گیندوں میں ایک چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 18 رن بنائے۔ دراصل چھٹے اوور کی آخری گیند روہت شرما کو چکمہ دیتے ہوئے بیٹ اور پیڈ کے درمیان سے نکلی۔ اس پر ویسٹ انڈیز کے کھلاڑیوں نے زور دار اپیل کی لیکن امپائر نے اپیل ٹھکرادی۔ اس کے بعد ویسٹ انڈیز کے کپتان جیسن ہولڈر نے ریویو لیا۔ ڈی آر ایس میں نظر آرہا تھا کہ گیند بیٹ اور پیڈ کے درمیان سے نکلی تھی لیکن اس کے بیٹ کو چھو کر وکٹ کیپر کے دستانے میں جانے پر واضح نہیں تھا۔ الٹرا ایج میں نظر آرہا تھا کہ بیٹ اور پیڈ سے تقریبا ایک ہی وقت پر لگی۔ وہیں کمنٹیٹرس بھی فیصلے کے حق میں نہیں دکھے۔ ہندی کمنٹری کررہے آکاش چوپڑا ، دیپ داس گپتا اور ہربھجن سنگھ نے کہا کہ ڈی آر ایس میں بینفیٹ آف ڈاوٹ لگ رہا تھا۔ ایسے میں فیصلہ بیٹسمین کے حق میں جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امپائر نے فیصلہ کرنے میں جلد بازی کردی۔