ممبئی ۔15 اگست (ایجنسیز) ہندوستانی ٹیم کے سابق آل راؤنڈر عرفان پٹھان نے روہت شرما کے تعلق سے بڑی بات کہی ہے۔ ایک انٹرویو کے دوران انہوں نے کہا کہ روہت شرما بارڈر۔گواسکر ٹرافی میں ایک بڑا ناکام پہلو تھے۔ عرفان نے کہا اگر ٹیم انڈیا کا یہ اوپنر ٹیم کا کپتان نہ ہوتا تو اسے پلیئنگ الیون سے خارج کردیا جاتا۔ عرفان پٹھان نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ روہت شرما وائٹ بال کرکٹ کے عظیم کھلاڑی ہیں، لیکن اس سال (بارڈر۔گاوسکر ٹرافی میں) ٹسٹ کرکٹ میں ان کی اوسط صرف 6 تھی، اس لیے اگر وہ کپتان نہ ہوتے تو ٹیم سے باہر ہو جاتے۔ٹیم انڈیا کے اس سابق کرکٹر نے مزید کہا کہ مجھ سے پوچھا گیا کہ آپ نے روہت کی ناقص کارکردگی کے باوجود اس کا ساتھ کیوں دیا؟ میں اس وقت کمنٹری کر رہا تھا اور جب آپ کسی کو انٹرویو کے لیے بلاتے ہیں تو اس سے احترام سے بات کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لوگ کہتے ہیں کہ میں نے روہت شرما کی ضرورت سے زیادہ حمایت کی۔ جب کوئی آپ کے نشریاتی چینل پر انٹرویو دینے آئے تو آپ اس کے ساتھ بدتمیزی نہیں کریں گے؟ آپ نے اسے بلایا ہے اس لیے آپ شائستگی سے پیش آئیں گے۔ جب روہت انٹرویوکے لیے آئے تو ہم نے بھی ایسا ہی کیا، کیونکہ وہ ہمارے مہمان تھے۔ہندوستانی ٹیم کو بارڈر۔گواسکر ٹرافی روہت شرما پانچ ٹسٹ میچوں کی اس سیریز میں بہت بری طرح ناکام رہے۔ وہ 3 میچوں کی 5 اننگز میں6.20 کی اوسط سے صرف 31 رنز ہی بنا سکے۔ اس کے بعد انہوں نے سڈنی ٹسٹ میچ نہ کھیلنے کا فیصلہ کیا۔دوسری جانب عرفان پٹھان کرکٹ سے سبکدوشی کے بعد اب کمنٹری کرتے نظر آ رہے ہیں۔عرفان پٹھان کو آئی پی ایل میں کمنٹری کرنے کا موقع نہیں دیا گیا ۔