نئی دہلی: آسٹریلیا کے سابق کپتان رکی پونٹنگ کا ماننا ہے کہ روہت شرما کے ونڈے سے سبکدوش نہ ہونے کا مطلب ہے کہ ان کا مخصوص ہدف 2027 کے ونڈے ورلڈ کپ میں کھیلنا ہے۔ روہت شرما نے بطور کپتان اپنا دوسرا آئی سی سی خطاب اس وقت جیتا جب ہندوستان نے دبئی میں نیوزی لینڈ کو چار وکٹوں سے شکست دے کر2025 آئی سی سی چمپئنز ٹرافی جیتی۔ اس کامیابی کے بعد قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں کہ روہت ونڈے کرکٹ سے بھی سبکدوش ہوسکتے ہیں، جیسا کہ انہوں نے گزشتہ سال بارباڈوس میں ٹی 20 ورلڈکپ جیتنے کے بعد ٹی 20 کو خیرباد کہہ دیا تھا۔ لیکن روہت شرما، جنہوں نے فائنل میں 76 رنز کی شاندار اننگز کھیل کرپلیئر آف دی فائنل کا اعزاز حاصل کیا، نے چمپئنز ٹرافی جیتنے کے بعد ان تمام قیاس آرائیوں کو مستردکردیا۔ انہوں نے کہا، جب آپ اپنے کیریئر کے اس مرحلے پر پہنچ جاتے ہیں، تو ہرکوئی آپ کی سبکدوشی کا انتظار کررہا ہوتا ہے۔ میں نہیں جانتا کیوں، جب کہ آپ ابھی بھی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں، جیسا کہ میں نے فائنل میں کیا، میرا خیال ہے کہ میں صرف ان سوالات کو ہمیشہ کے لیے ختم کرنا چاہتا تھا اورکہنا چاہتا تھا کہ نہیں، میں اب بھی اچھا کھیل رہا ہوں۔ مجھے اس ٹیم کے ساتھ کھیلنا پسند ہے، مجھے اس ٹیم کی قیادت کرنا پسند ہے۔آئی سی سی ریویو شو میں گفتگو کرتے ہوئے،رکی پونٹنگ نے کہا، میرے خیال میں جب روہت نے یہ بیان دیا، تو اس کا مطلب یہی تھا کہ وہ اگلے 50 اوورکے ورلڈ کپ (2027) میں کھیلنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ روہت شرما نے ہندوستان کو 2023 کے ونڈے ورلڈکپ کے فائنل میں پہنچایا تھا، جو ہندوستان میں منعقد ہوا تھا، لیکن نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے خطابی میچ میں آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنزکی قیادت میں میزبان ہندوستان کو چھ وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ رکی پونٹنگ کا ماننا ہے کہ روہت کے اس فیصلے کے پیچھے ادھورا مشن کو مکمل کرنے کی خواہش کار فرما ہو سکتی ہے اور وہ2027 کے ونڈے ورلڈ کپ (جو جنوبی افریقہ، زمبابوے اور نمیبیا میں ہوگا) تک ٹیم کی قیادت جاری رکھ سکتے ہیں۔