بارش سے متاثرہ ٹسٹ میں افریقی بولرز وکٹ کیلئے ترستے رہے
وشاکھاپٹنم۔ 2اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) محدود اوور کی کرکٹ کے بادشاہ روہت شرما ٹسٹ میں پہلی مرتبہ اننگز کا آغاز کرنے اترے اور ناٹ آوٹ سنچری بنائی۔ روہت کے ناٹ آوٹ 115اور ان کی مینک اگروال(ناٹ آوٹ 84) کے ساتھ پہلی وکٹ کے لئے202 رنز کی غیرمفتوح شراکت کی بدولت ہندستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف بارش سے متاثر پہلے کرکٹ ٹسٹ کے پہلے دن بغیر کوئی وکٹ گنوائے 202 رنز بنا لئے ۔پہلے ٹسٹ کے پہلے دن 59.1 اوور کا کھیل ہی ممکن ہوسکا۔ بارش کی وجہ سے کھیل مقررہ وقت سے کافی پہلے ختم کرنا پڑا لیکن اس دوران روہت نے شاندار سنچری اننگزکھیل کر دکھا دیا کہ وہ ٹسٹ میں بھی بڑی اننگز کھیلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ دن کے اختتام تک روہت نے 174گیندوں پر ناٹ اوٹ 115رنز میں 12 چوکے اور پانچ چھکے لگائے جبکہ مینک نے 183گیندوں پر ناٹ آوٹ 84 رنز میں گیارہ چوکے اور دو چھکے لگائے ۔میچ کا پہلا دن پوری طرح روہت کے نام رہا جنہوں نے اوپننگ میں پہلی مرتبہ اترکر پہلی اور ٹسٹ میچوں کی چوتھی سنچری بنائی اور ان کی ٹسٹ صلاحیت پر سوال اٹھانے والے ناقدین کوکرارا جواب دیا۔ روہت یہاں اننگز کے آغاز سے قبل وجے نگر میں جنوبی افریقہ کے خلاف پریکٹس میچ میں بطور اوپنر صرف دوگیندوں میں کھاتہ کھولے بغیر آوٹ ہوئے تھے لیکن کپتان ویراٹ کوہلی نے میچ سے قبل روہت پر پورا اعتماد ظاہر کرتے ہوئے واضح کردیا تھا کہ روہت پہلے ٹسٹ میں اننگز کا آغاز کریں گے ۔32سالہ روہت اس سنچری کے ساتھ اب بین الاقوامی کرکٹ کے تینوں فارمیٹ (ٹسٹ، ون ڈے اور ٹی20) میں بطور اوپنر سنچری بنانے والے کرکٹ تاریخ کے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ روہت اس دہے میں ٹسٹ سنچری پوری کرنے سے پہلے اننگز میں چار چھکے لگانے والے پہلے ہندستانی اوپنر بھی بن گئے ہیں۔ہندوستان نے ٹاس جیتنے کے بعد لنچ تک 91رن اور چائے کے وقفہ تک 202رن بنائے تھے ۔
ڈی ویلیئرز کا برسبین ہیٹ سے معاہدہ
برسبین ۔2 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام ) جنوبی افریقی سابق کپتان ابراہام ڈی ویلیئرز نے بگ بیش لیگ کے دوسرے ہاف کیلئے برسبین ہیٹ سے معاہدہ کرلیا ہے جو برینڈن میک کلم کے متبادل ہوں گے اور رواں برس ٹوئنٹی 20 کرکٹ سے بھی علیحدگی اختیار کر چکے ہیں۔
براتھویٹ کو دوبارہ بولنگ کی اجازت
دبئی۔2 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام )گزشتہ ماہ جمیکا ٹسٹ میں ہندوستان کیخلاف رپورٹ کئے جانے والے ویسٹ انڈیز آف اسپنر کریگ براتھویٹ کا ایکشن درست قرار دیا گیا ہے جو دوبارہ بولنگ کر سکیں گے۔ لفبرو میں 14ستمبر کو ہونے والے تجزیئے میں واضح ہوا کہ تمام گیندیں کرتے ہوئے ان کی کہنی کا خم 15 ڈگری کی مقررہ حد کے اندر ہے۔ واضح رہے کہ انگلینڈ کے دورے پر 2017 میں بھی ان کا بولنگ ایکشن مشکوک قرار دیا گیا تھا جس کی درستگی کرنی پڑی تھی۔