روہت کی ریکارڈ سنچری، ہندوستان کو آج 9 وکٹیں درکار

   

شرما دونوں اننگز میں سنچری بنانے والے پہلے ہندوستانی اوپنر

وشاکھاپٹنم 5 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) روہت شرما کی ریکارڈ سنچری کی بدولت ہندوستان نے یہاں جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلے جارہے پہلے ٹسٹ کے چوتھے دن نہ صرف مہمان ٹیم کو 395 رنز کا نشانہ دیا بلکہ نشانے کے تعاقب میں اِس کی وہ اہم وکٹ حاصل کرلی جو پہلی اننگز میں سنچری اسکور کرچکی تھی یعنی رویندر جڈیجہ نے ڈین ایلگر کو دو رنز پر ہی ایل بی ڈبلیو آؤٹ کردیا۔ دن کے اختتام پر افریقی ٹیم نے ایک وکٹ کے نقصان پر 11 رنز اسکور کرلئے ہیں جس کے لئے بیٹسمنوں نے 9 اوورس کا سامنا کیا۔ قبل ازیں آج جنوبی افریقہ کو پہلی اننگز میں 431 رنز پر آل آؤٹ کرنے کے بعد ہندوستانی ٹیم نے جب دوسری اننگز کا آغاز کیا تو پھر ایک مرتبہ روہت شرما اسٹار بیٹسمین ثابت ہوئے۔ جیسا کہ انھوں نے دوسری اننگز میں بھی سنچری اسکور کرتے ہوئے ہندوستان کے ایسے پہلے اوپنر ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا ہے جوکہ اپنے پہلے ہی ٹسٹ کی دونوں اننگز میں سنچریاں اسکور کی ہوں۔ روہت شرما جوکہ اپنے کیرئیر میں پہلی مرتبہ ٹسٹ میں بحیثیت اوپنر کھیل رہے تھے۔ انھوں نے پہلی اننگز میں 176 رنز کی اننگز کھیلی تھی اور اب دوسری اننگز میں انھوں نے 149 گیندوں میں 10 چوکوں اور 7 چھکوں پر مشتمل اننگز میں 127 رنز اسکور کئے ہیں۔ اس کے علاوہ روہت شرما ایسے چھٹے ہندوستانی بیٹسمین بنے ہیں جنھوں نے کسی ٹسٹ کی دونوں اننگز میں سنچریاں اسکور کی ہوں۔ اِس سے قبل ایسا ریکارڈ سنیل گواسکر تین مرتبہ اور راہول ڈراویڈ دو مرتبہ انجام دے چکے ہیں۔ علاوہ ازیں کپتان ویراٹ کوہلی اور اجنکیا راہنے بھی ایک مرتبہ یہ کارنامہ انجام دیتے ہوئے اِس فہرست میں شامل ہیں۔ 32 سالہ روہت شرما نے ایک ٹسٹ میں سب سے زیادہ چھکے مارنے کا ریکارڈ بھی اپنے نام کرلیا ہے جیسا کہ انھوں نے ایک ٹسٹ میں 13 چھکے مارتے ہوئے وسیم اکرم کا ریکارڈ توڑا۔ پاکستان کے سابق کپتان وسیم اکرم نے زمبابوے کے خلاف 1996 ء میں ایک ٹسٹ میں 12 چھکے مارتے ہوئے نیا ریکارڈ بنایا تھا۔ دیگر بیٹسمنوں میں پہلی اننگز میں ڈبل سنچری اسکور کرنے والے اگروال صرف 7 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ تاہم چیتیشور پجارا نے 81، بیاٹنگ میں اوپر بھیجے گئے جڈیجہ نے 32 گیندوں میں 3 چھکوں کی مدد سے 40 رنز بنائے جبکہ ویراٹ کوہلی نے تیز رفتار 31 اور اجنکیا راہنے نے 27 ناقابل تسخیر رنز بناتے ہوئے ٹیم کے مجموعی اسکور کو 323/4 تک پہنچایا جس کے بعد کوہلی نے اننگز ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔ افریقہ کے کیشو مہاراج نے 129 رنز کے عوض دو، جبکہ فلینڈر اور ربادا نے فی کس ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ رواں ٹسٹ میں آخری دن کامیابی کے لئے ہندوستان کو 9 وکٹیں اور جنوبی افریقہ کو 384 رنز درکار ہیں۔ آخری دن مہمان ٹیم افریقہ کو ہندوستانی اسپنر ز کا سامنا کرنا بڑا چیلنج ہوگا۔