روہت کی عدم موجودگی میں نوجوانوں کا مظاہرہ بہتر:کوہلی

   

کرائسٹ چرچ۔3 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے اور سیریز کے آخری ٹسٹ میچ میں سات وکٹوں سے شکست کے بعد ہندوستانی کپتان ویراٹ کوہلی نے کہا کہ ہم اپنی غلطیوں سے سبق لے کر اس میں بہتری کریں گے اور آگے بڑھیں گے۔ نیوزی لینڈ نے ہندوستان کو سیریز کے دوسرے اورآخری ٹسٹ میچ میں سات وکٹ سے شکست دے کر سیریز 0-2 سے جیت لی۔کوہلی نے کہاکہ ہم اس دورے میں ناقص مظاہروں پرکوئی بہانہ نہیں بنا سکتے۔ ہم اپنی غلطیوں سے سبق لیں گے اور اپنے کھیل کو بہتر کرتے ہوئے آگے بڑھیں گے۔ ہمارے لئے اس دورے میں ٹی 20 سیریز شاندار رہی جہاں ہم نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ونڈے میں بھلے ہی ہمیں شکست ہوئی لیکن روہت کی غیر موجودگی میں اورمیرے رنز نہیں بنانے کے باوجود نوجوان کھلاڑیوں نے جس طرح کارکردگی کا مظاہرہ کیا وہ دیکھنا خوشگوار تھا۔انہوں نے کہاکہ اس سیریز میںکچھ چیزیں ہمارے لئے مثبت رہیں لیکن ٹسٹ ٹیم کی حیثیت سے ہم ویسے کھیل کا مظاہرہ نہیں کر سکے جیسا ہم کرنا چاہتے تھے۔ ہمیں اس بات کو قبول کرنا ہوگا کہ ہم بہتر نہیں کھیلے۔ ہمیں اپنی غلطیوں سے سبق لینا ہوگا اور اپنی غلطیوں کو سدھارنا ہوگا۔کپتان نے کہاکہ عام طور پر ٹیم کی بیٹنگ ہمارا مضبوط شعبہ ہے لیکن اس سیریز میں بیٹسمینوں نے امید کے مطابق کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کیا جس کی وجہ سے بولرمخالف ٹیم پر دباونہیں بنا سکے۔ یہ افسوسناک ہے کہ بیٹسمین اسکور بورڈ پر اتنے رنز نہیںکرسکے جس سے بولرکچھ کوشش کر سکیں۔ کوہلی نے کہاکہ بیرونی سر زمین پر میچ اورسیریز جیتنے کے لئے بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ میں متوازن ہوکر مظاہرہ کرنا ہوتا ہے۔ ہمیں واپس جاکر اپنی غلطیوں سے سبق حاصل کرتے ہوئے سمجھنا ہوگا کہ ہم نے نیوزی لینڈ کے دورے میں کیا غلطیاں کیں اور اسے سدھارتے ہوئے آگے بڑھنا ہوگا۔انہوں نے کہاکہ میرے خیال سے ہم نے پہلے مقابلے میں جس طرح کا مظاہرہ کیا اس کا اثر دوسرے میچ میں بھی دیکھنے کو ملا۔ اگرچہ ٹیم نے اس میچ کی پہلی اننگز میں اچھی بیٹنگ کی تھی لیکن اس کے ساتھ ہی ہمیں نیوزی لینڈ کے بولروںکو بھی سہرا دینا ہوگا جنہوں نے درست سمت میں بولنگ کی اور ہم پر دباوبرقراررکھا۔کپتان نے کہاکہ اس مقابلے میں ہمارے پاس بہت کم ایسے موقع آ رہے تھے جہاں ہم بہتر شاٹ کھیل سکیں۔ ان کی بولنگ بہتر تھی اور بیٹسمین صرف سنگل رن ہی لے پا رہے تھے۔