روہت کی کامیابی ٹسٹ میں نشانہ کے تعاقب کیلئے بہتر ہوگی : بانگر

   

نئی دہلی ۔ 14 ۔ ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق اسسٹنٹ کوچ سنجے بانگر نے روہت شرما کے بحیثیت ٹسٹ اوپنر کامیابی کو طویل ترین کرکٹ میں نشانہ کے تعاقب میں ہندوستان کی کامیابی کیلئے کلید ظاہر کیا ہے ۔ سنجے بانگر نے کہا ہے کہ روہت شرما ٹسٹ کرکٹ میں بحیثیت اوپنر انفرادی طور پر کامیاب ہوتے ہیں تو اس کا راست فائدہ ٹیم کو نشانہ کے تعاقب میں حاصل ہوگا۔ ونڈے کے کامیاب ترین اوپنر روہت شرما کو جنوبی افریقہ کے خلاف 2 اکتوبر کو شروع ہونے والی تین مقابلوں کی ٹسٹ سیریز کے لئے معلنہ ہندوستانی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے ، حالانکہ روہت شرما ویسٹ انڈیز کے خلاف بھی دو ٹسٹ مقابلوں کی سیریز میں ٹیم کا حصہ تھے لیکن انہیں قطعی 11 کھلاڑیوں میں شرکت کا موقع نہیں ملا۔ بانگر نے کہا کہ روہت شرما جس انداز میں بیٹنگ کرتے ہیں ، اگر وہ کامیابی انہیں ٹسٹ کرکٹ میں بھی ملتی ہے تو ہندوستان کو طویل ترین کرکٹ میں نشانہ کا تعاقب کرنا آسان ہوگا جیسا کہ کیپ ٹاؤن میں ایجبسٹن میں ہوا تھا ۔ روہت شرما 27 ٹسٹ مقابلوں میں 39.62 کی اوسط سے 1585 رنز اسکور کئے ہیں اور اس دوران انہوں نے 10 نصف سنچریاں اور تین سنچریاں اسکور کی ہیں لیکن اس کے باوجود وہ ٹسٹ ٹیم میں اپنا مستقل مقام ہنوز نہیں بنا پائے ہیں۔ یاد رہے کہ روہت شرما نے ورلڈ کپ میں 5 سنچریاں اسکور کی تھیں لیکن ویسٹ انڈیز کے دورہ پر انہیں ٹسٹ سیریز میں ٹیم کی نمائندگی کا موقع نہیں ملا۔