روہت کے نام ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ چھکوں کا ریکارڈ

   

ممبئی۔ ہندوستانی کپتان روہت شرما ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ چھکے لگانے والے بیٹر بن گئے، انہوں نے یہاں وانکھیڑے اسٹیڈیم میں آئی سی سی مینزکرکٹ ورلڈ کپ 2023 میں نیوزی لینڈ کے خلاف سیمی فائنل میچ میں اپنا 50 واں اور ایونٹ کا زیادہ سے زیادہ چھکا لگایا۔ روہت نے اپنی 29 گیندوں میں47 رنز میں چار چھکے لگائے۔ انہوں نے تیسرے اوور میں دن کے اپنے پہلے چھکے کے لیے ٹرینٹ بولٹ کو ایکسٹراکور باؤنڈری پر اونچا شارٹ لگاکر برق رفتارآغازکیا اور پھر چوتھے اوور میں ٹم ساؤتھی کو چھکا لگا یہ ریکارڈ بنالیا۔ اپنی شاندار اننگز کے دوران ہندوستانی کپتان نے ویسٹ انڈیز کے لیجنڈ کرس گیل کے ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ چھکوں کا ریکارڈ توڑ دیا۔ وہ 50 گیندوں پر شبمن گل کے ساتھ ابتدائی وکٹ کی شراکت میں71 رنز بنانے کے بعد 47 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ روہت پہلے ہی بنگلورو میں ہالینڈ کے خلاف ہندوستان کے میچ کے دوران ایک کیلنڈر سال میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کا ریکارڈ بنا چکے ہیں۔ 36سالہ کھلاڑی نے کولن ایکرمین کو لانگ آن پر92 میٹر چھکا لگا کر یہ سنگ میل عبورکیا، انہوں نے سال کا 59 واں اور2015 میں جنوبی افریقہ کے سابق کپتان اے بی ڈی ویلیئرزکے قائم کردہ ریکارڈ کو پیچھے چھوڑ دیا۔ نیدرلینڈز کے خلاف میچ میں انہوں نے ورلڈ کپ کے ایک ایڈیشن میں سب سے زیادہ چھکے لگانے والے کپتان ہونے کا اعزاز بھی حاصل کیا۔ 2019 کے ایڈیشن میں انگلینڈ کے سابق کپتان ایان مورگن کے 22 زیادہ سے زیادہ چھکے لگانے کے ریکارڈ کو پیچھے چھوڑتے ہوئے، روہت نے 2023 ورلڈ کپ میں اپنے23 ویں چھکے کے ساتھ یہ کارنامہ انجام دیا ۔