نئی دہلی : سابق سلیکٹر سرندیپ سنگھ نے کہا ہے کہ رواں برس مجوزہ ٹی 20 ورلڈ کپ کیلئے ہندوستان کو اپنے تجربہ کار اوپنرس روہت شرما اور شیکھر دھون کی جوڑی پر ہی انحصار کرنا بہتر ہوگا ۔ سرندیپ جن کی میعاد رواں برس دورۂ آسٹریلیا پر تاریخ ساز کامیابی کے ساتھ مکمل ہوئی ہے ، انھوں نے مذکورہ جوڑی کو بہتر انتخاب قرار دینے کے علاوہ کپتانی کی تقسیم کو بھی مسترد کردیا ہے۔ سرندیپ نے کہا کہ کوہلی تینوں طرز کی کرکٹ میں بہتر نتائج فراہم کررہے ہیں لہذا روہت شرما کے ساتھ یا کسی اور کھلاڑی کے ساتھ قیادت کی تقسیم کا موضوع زیربحث نہیں آیا ۔ انھوں نے مزید کہا کہ کے ایل راہول کو ونڈے میں وکٹ کیپنگ کو جاری رکھنا چاہئے اور ان فارم بیٹسمین رشب پنتھ کو بحیثیت بیٹسمین بھی کہلایا جاسکتا ہے ۔ 9 اپریل کو آئی پی ایل کا آغاز ہورہاہے جس میں یوژویندر چہل اور کلدیپ یادو کے مظاہروں کے بعد اسپنرس کا فیصلہ کیا جانا بہتر ہوگا ۔