روہت ۔ کوہلی ورلڈ کپ کا حصہ نہیں !

   

نئی دہلی ۔10 اگست ( ایجنسیز) ایک چونکا دینے والی پیش رفت میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ بی سی سی آئی نے اسٹار جوڑی روہت شرما اور ویراٹ کوہلی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ2027 میں ہونے والے آئی سی سی ونڈے ورلڈ کپ سے بھی پہلے ونڈے کرکٹ سے دستبردار ہو جائیں۔ اطلاعات کے مطابق آل انڈیا مینز سینیئر سلیکشن کمیٹی نے یہ فیصلہ کرلیا ہے کہ وہ اس اسٹار جوڑی کی خدمات کے بغیر آگے بڑھے گی اور اب ان کھلاڑیوں کو اپنے بین الاقوامی کرکٹ کیریئر جاری رکھنے کے منصوبوں پر دوبارہ غورکرنا ہوگا۔ قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ گزشتہ چودہ مہینوں میں روہت اور ویراٹ دونوں پہلے ہی ٹی ٹوئنٹی اور ٹسٹ کرکٹ سے سبکدوش ہو چکے ہیں۔ اس سے قبل امکان تھا کہ وہ ورلڈکپ میں نظر آئیں گے، لیکن میڈیا میں آنے والی اس پیش رفت نے ایک مختلف صورتِ حال پیدا کردی ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ہندوستانی بورڈ چند نوجوان کھلاڑیوں کو ٹیم میں شامل کرنے اور انہیں بڑے ٹورنمنٹ سے قبل آزمانے کے حق میں ہے، جو افریقہ میں منعقد ہوگا۔ اس کے نتیجے میں وہ تجربہ کارکھلاڑی جو اپنے کیریئر کے اختتامی مراحل میں ہیں، ممکنہ طور پر قبل از وقت مین اِن بلیوکی نمائندگی سے محروم ہو سکتے ہیں۔ اسی رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اگر یہ سینئر کھلاڑی واقعی 2027 کے بڑے ایونٹ میں ہندوستان کی نمائندگی کے خواہش مند ہیں، تو انہیں وجے ہزارے ٹرافیہندوستان کا سب سے بڑاگھریلو 50 اوورز کے ایونٹ میں حصہ لینا ہوگا تاکہ اپنی فٹنس اور فام ثابت کر سکیں۔ روہت گھریلو سطح پر ممبئی کی نمائندگی کرتے ہیں جبکہ ویراٹ دہلی کے کھلاڑی ہیں اور ممکن ہے کہ وہ گھریلو ٹورنمنٹ میں بیٹ سے عمدہ کارکردگی دکھانے کی کوشش کرتے نظر آئیں۔گزشتہ ورلڈ کپ (2023) میں ان کی بیٹنگ کارکردگی کے اعداد وشمار ظاہر کرتے ہیں کہ دونوں بیٹرس ہندوستانی بیٹنگ لائن اپ کے کلیدی رکن تھے۔ ویراٹ نے ولڈ کپ ٹورنمنٹ کا اختتام سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹرکے طور پرکیا تھا جیسا کہ انہوں نے11 اننگز میں 765 رنز بنائے، جبکہ روہت اسی تعداد کے میچز میں597 رنز کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔ تاہم ہندوستان فائنل میں کامیابی حاصل نہ کر سکا اور آسٹریلیا نے احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے شاندار فائنل میں ورلڈ کپ حاصل کیا۔