رویندرا بھارتی کے احاطہ میں ایس پی بالا سبرامنیم کے مجسمہ کی نقاب کشائی

   

Ferty9 Clinic

وینکیا نائیڈو ، بنڈارو دتاتریہ ، سریدھر بابو اور دوسروں کی شرکت
حیدرآباد ۔ 15۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) سابق نائب صدر جمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو نے آج خیریت آباد میں واقع رویندرا بھارتی کے احاطہ میں نامور گلوکار ایس پی بالا سبرامنیم کے کانسہ کے مجسمہ کی نقاب کشائی انجام دی ۔ اس موقع پر سابق گورنر بنڈارو دتاتریہ ، وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی ڈی سریدھر بابو ، بی جے پی کے ریاستی صدر رام چندر راؤ اور مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیتیں موجود تھیں۔ رویندرا بھارتی میں بعد میں پروگرام منعقد ہوا جس میں وینکیا نائیڈو نے کہا کہ آنے والی نسلوں کو بالا سبرامنیم کی خدمات سے واقف کرانے کیلئے مجسمہ نصب کیا گیا ہے ۔ انہوں نے تلنگانہ حکومت کے فیصلہ کی ستائش کی۔ نیلور سے تعلق کے باوجود تلنگانہ حکومت نے مجسمہ کی تنصیب کا فیصلہ کیا ہے ۔ ریاستی وزیر سریدھر بابو نے بھی حکومت کے فیصلہ کا دفاع کیا ۔ انہوں نے کہا کہ تہذیب کو علاقائی حدود میں قید نہیں کیا جاسکتا۔ سریدھر بابو نے ایس پی بالا سبرامنیم کی خدمات کو خراج پیش کیا۔ واضح رہے کہ حکومت کے اس فیصلہ کے بعد تلنگانہ تنظیموں نے مخالفت کی اور دھرنا منظم کیا۔ تلنگانہ جاگرتی کی صدر کویتا اور دیگر جہدکاروں نے بھی ایس پی بالا سبرامنیم کے مجسمہ کی تنصیب کی مخالفت کی۔ بعض جہدکاروں کو رویندرا بھارتی پہنچنے سے روکنے کیلئے گھروں پر محروس کردیا گیا تھا ۔ اس موقع پر پولیس کے وسیع تر انتظامات کئے گئے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کے تقریب میں شرکت کا امکان تھا لیکن وہ شریک نہیں ہوئے۔1