روی داس مندر کے انہدام کی مودی حکومت ذمہ دار:کانگریس

   

پنجاب کے چند علاقوں میں روی داس مندر کے انہدام پر احتجاج کے دوران معمولات زندگی مفلوج

نئی دہلی ۔ /13 اگست (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے مودی حکومت پر الزام عائد کیا کہ وہ ’’دلت دشمن ‘‘ ہے اور مطالبہ کیا کہ گرو روی داس مندر کے دہلی میں انہدام کے واقعہ کو جس طرح اجاگر کیا جارہا ہے اس کے لئے مودی حکومت ذمہ دار ہے اور اسے ہی اس کی دوبارہ تعمیر کروانی چاہئیے ۔ کانگریس کے ترجمان اعلیٰ رندیپ سرجے والا نے مرکزی محکموں پر الزام عائد کیا کہ انہوں نے قدیم مندر کو منہدم کرتے ہوئے ایک گھناؤنا جرم کیا ہے ۔ سینئر ترجمان آنند شرما نے مطالبہ کیا کہ انہدام کے خاطیوں کو جلد از جلد انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کردیاا جائے ۔ انہوں نے اس کو بدبختانہ واقعہ قرار دیا ہے ۔جالندھر اور چندی گڑھ سے موصولہ اطلاع کے بموجب ان شہروں میں پنجاب کے روی داس مندر کے انہدام پر بطور احتجاج دلت گروپس نے بند منایا جس کی وجہ سے معمولات زندگی 24 گھنٹے مفلوج رہے ۔ پھگواڑہ ، جالندھر اور پنجاب کے دیگر کئی ریاستوں میں دلتوں نے احتجاجی جلوس نکالے اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ مندر کی ازسرنو تعمیر کروائی جائے ۔ سڑکوں پر ٹائر جلانے کے واقعات اور دیگر پرتشدد واقعات کی وجہ سے پوری ریاست پنجاب میں معمولات زندگی مفلوج ہوگئے ۔