رچرڈز، جے سوریا اور ڈی ویلیئرز نے کرکٹ کا انداز ہی بدل دیا: انضمام

   

کراچی ۔19 فروری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق نے کہا ہے کہ دنیائے کرکٹ کے تین بیٹسمینوں نے تین مختلف ادوار میں کرکٹ کے کھیل کو تبدیل کیا اور ان تینوں کھلاڑیوں کے جارحانہ انداز، کھیل کے بارے میں ان کے تصور اور بیٹنگ کی نئی اختراع نے کرکٹ کو ایک نیا انداز دیا۔ انضمام نے کہا ہے کہ ان میں پہلے کرکٹر ویسٹ انڈیز کے عہد ساز بیٹسمین سر ویوین رچرڈز تھے، جنھوں نے عشروں قبل کھیل کو اپنے منفرد انداز کی وجہ سے تبدیل کیا۔ اس زمانے میں جب بیٹسمین فاسٹ بولروںکو بیک فٹ پرکھیلا کرتے تھے لیکن انہوں نے سب کو یہ بتایا کہ ایسے بولروں کو فرنٹ فٹ پر کس طرح کھیلتے ہیں۔ ان کے بعد دوسرے نمبر پر کھیل کو تبدیل کرنے والے سری لنکا کے آل راونڈر سنتھ جے سوریا ہیں جنھوں نے 110ٹیسٹ میچوں میں 6973رنز اسکور کئے اور 445 ونڈے میں 13430رنز بنائے۔ وہ پہلے پندرہ اوورز میں فاسٹ بولرز پر حملہ آور ہوتے تھے۔ ان کی آمد سے قبل گیند کو ہوا میں اچھالنے والوں کو اچھا بیٹسمین نہیں مانا جاتا تھا لیکن انھوں نے اس تصورکو تبدیل کیا۔ وہ 1996 کے ورلڈ کپ میں اپنی مخالف ٹیموں کی بولنگ لائن اپ کو پہلے پندرہ اوورز میں اپنی جارحانہ انداز کی بیٹنگ سے تہس نہس کرکے رکھ دیتے تھے۔ جبکہ تیسرے ایسے کھلاڑی جنوبی افریقہ کے سابق کپتان اے بی ڈی ویلیئرز ہیں جنھوں نے شرفا کے اس کھیل کو اپنی بیٹنگ انداز سے کافی تبدیل کیا۔ آج جو ونڈے اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں شائقین جو دلچسپی دیکھ رہے ہیں، اسکا سہرا ڈی ویلیئرز کوجاتا ہے۔پہلے بیٹسمین سیدھے شارٹس ماراکرتے تھے لیکن ڈی ویلیئرز نے پیڈل سوئپ اور ریورس سوئپ جیسے شارٹس شروع کیے۔ یاد رہے کہ سابق افریقی کپتان نے 114ٹسٹ میچز میں 8765 رنز اسکور کیے جبکہ انھوں نے 228 ونڈے میچز میں 9577 رنز اور78ٹی ٹوئنٹی میچز میں 1673رنز اسکور کیے۔