جوبلی ہلز میں ماحول کشیدہ، پولیس اور کانگریس کارکنوں میں جھڑپ، کسانوں کیلئے احتجاج جاری رہے گا
حیدرآباد۔27۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) پولیس نے سدی پیٹ کے ایراویلی میں کانگریس پارٹی کی جانب سے کسانوں کے رچہ بنڈہ پروگرام کو ناکام بنانے کیلئے بڑے پیمانہ پر گرفتاریاں عمل میں لائی ہیں۔ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی اور دیگر سینئر قائدین کو جوبلی ہلز میں واقع ان کی قیامگاہ سے اس وقت حراست میں لے لیا گیا ، جب وہ ایراویلی کیلئے نکلنے کی تیاری کر رہے تھے۔ کل رات سے ہی ریونت ریڈی کی قیامگاہ کے اطراف پولیس کی بھاری جمیعت تعینات کردی گئی تھی تاکہ انہیں سدی پیٹ جانے سے روکا جاسکے۔ ریونت ریڈی نے ایراویلی میں دھان کے مسئلہ پر کسانوں سے ملاقات اور صحافیوں کو چیف منسٹر کے فارم ہاؤز کا دورہ کرانے کا اعلان کیا تھا جہاں 150 ایکر اراضی پر دھان کی کاشت کی جارہی ہے۔ حکام نے کووڈ قواعد اور تحدیدات کے تحت رچہ بنڈہ کی اجازت نہیں دی اور قائدین کو حراست میں لے لیا۔ ریونت ریڈی کی قیامگاہ کے روبرو پولیس اور کارکنوں کے درمیان بحث و تکرار اور دھکم پیل کے سبب ماحول کشیدہ ہوگیا ۔ جیسے ہی ریونت ریڈی اپنی قیامگاہ سے باہر نکلے پولیس نے انہیں گھیرلیا۔ کانگریس کارکنوں نے پولیس کے خلاف نعرہ بازی کی اور ریونت ریڈی کو گرفتاری سے روکنے کی کوشش کی۔ دھکم پیل کے دوران سینئر لیڈر ملو روی کے ساتھ پولیس نے غلط برتاؤ کیا اور وہ زمین پر گرپڑے۔ ملو روی کو معمولی زخم آئے ۔ کشیدہ ماحول کے درمیان پولیس نے ریونت ریڈی اور دیگر قائدین کو حراست میں لے کر عنبر پیٹ پولیس اسٹیشن منتقل کردیا۔ پارٹی کے دیگر قائدین کی قیامگاہ کے روبرو بھی پولیس کو تعینات کردیا گیا تھا تاکہ وہ سدی پیٹ نہ جاسکیں۔ رہائی کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہاکہ کسانوں کے مسئلہ پر ٹی آر ایس اور بی جے پی منصوبہ بند انداز میں سازش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ تین ماہ سے کسان دھان کی خریدی کے مسئلہ پر الجھن کا شکار ہیں۔ مرکز اور ریاستی حکومتیں گمراہ کن بیانات جاری کر رہے ہیں۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ دھان کی عدم خریدی کا خمیازہ کے سی آر کو اقتدار سے محرومی کی شکل میں بھگتنا پڑے گا ۔ انہوں نے سوال کیا کہ کسانوں کو دھان کی کاشت سے روکنے والے کے سی آر اپنے فارم ہاؤز میں 150 ایکر پر دھان کی کاشت کیوں کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کیلئے اور چیف منسٹر کے لئے علحدہ اصول نہیں ہوسکتے ہیں۔ ریونت ریڈی نے ٹی آر ایس اور بی جے پی پر میچ فکسنگ کا الزام عائد کیا اور کہا کہ بی جے پی کسانوں کے مسائل سے توجہ ہٹانے کیلئے بیروزگاری کے مسئلہ پر احتجاج کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی رچہ بنڈہ پروگرام کا سلسلہ جاری رکھے گی اور ہر ضلع میں کسانوں سے ملاقات کی جائے گی۔ انہوں نے چھتیس گڑھ کی طرح تلنگانہ میں دھان کی خریدی کا مطالبہ کیا۔ ر