رچہ کنڈہ میں ڈائیل 100کنٹرول روم کا قیام

   

عوام کے تحفظ کیلئے اسپیشل برانچ کا قیام
حیدرآباد۔/21 فبروری، ( سیاست نیوز) عوام کیلئے پولیس کی خدمات کو مزید بہتر بنانے کیلئے رچہ کنڈہ میں اسپیشل برانچ کے ڈائیل 100کنٹرول روم کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ آج اس کنٹرول روم کا کمشنر پولیس رچہ کنڈہ مسٹر مہیش بھگوت نے افتتاح انجام دیا۔ ایل بی نگر کے کیمپ آفس میں قائم کئے گئے اس کنٹرول روم کو جدید ٹکنالوجی سے آراستہ کیا گیا ہے اور کال کرنے والے کے لوکیشن کو حاصل کرتے ہوئے اس تک آسان انداز میں پہنچنے کے اقدامات کئے جاتے ہیں۔ کمشنر پولیس رچہ کنڈہ مسٹر مہیش بھگوت نے کہا کہ ڈائیل 100 پر کال کرنے کے اندرون 8 منٹ رسائی کو یقینی بنایا گیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اندرون 10 منٹ پولیس شکایت کرنے والے تک پہنچ جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ فی الحال ڈائیل 100 کے ذریعہ رچہ کنڈہ پولیس کمشنریٹ حدود میں روزانہ 650 کال وصول ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہاک آئی ایپ کو خصوصی طور پر خواتین کے ۱تحفظ کیلئے تیار کیا گیا ہے اور ہر دن اس کا جائزہ بھی لیا جاتا ہے اور ڈی ایس آر کے ذریعہ بھی تفصیلات کو حاصل کیا جارہا ہے۔ کمشنر پولیس نے کہا کہ ٹریفک مسائل پر بھی ڈائیل 100 پر شکایتیں حاصل ہورہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جیون نامی ادارہ کی جانب سے بلوکورٹ عملہ کو تربیت دی جارہی ہے اور 9 تا10 لاکھ روپئے کے اخراجات سے ان دو شعبوں سے وابستہ عملے کو جدید تقاضوں سے تیار کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام سے پولیس کو قریب ہونے میں یہ ایس پی ڈائیل 100 کنٹرول روم اور اس کی خدمات مددگار ثابت ہوں گی۔