43 ہزار 339 مقدمات درج ، ڈی سی پی و اڈیشنل ڈی سی پی کا بیان
حیدرآباد ۔ 9 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز) : لاک ڈاؤن کے دوران رچہ کنڈہ پولیس کمشنریٹ کے حدود میں ٹرافک قوانین کی خلاف ورزی کے 43,339 مقدمات درج کئے گئے ۔ کورونا وائرس کی روک تھام اور لاک ڈاؤن کے خصوص میں جاری جی او 45 پر رچہ کنڈہ میں سختی سے عمل آوری جاری ہے ۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس ٹرافک رچہ کنڈہ مسٹر دیویا چرن اور ایڈیشنل ڈی سی پی ٹرافک تاج الدین نے ایک بیان میں بتایا کہ رچہ کنڈہ حدود میں لاک ڈاؤن پر سختی سے عمل آوری جاری ہے ۔ لاک ڈاؤن کے اعلان 22-03-2020 سے 08-04-2020 تک رچہ کنڈہ میں 38029 ای چالان کئے گئے جب کہ گاڑیوں کو روک کر قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف 5310 مقدمات درج کئے گئے ۔ پولیس نے 2439 گاڑیوں کو ضبط کیا ۔ اس کے علاوہ عوام کو غیر ضروری سڑکوں پر آنے سے روکنے کے لیے کمشنریٹ کے حدود میں 33 چیک پوسٹ قائم کئے گئے اور پولیس کا عملہ تین شفٹوں میں مسلسل خدمات انجام دے رہا ہے ۔ اس کے ساتھ ہی کورونا وائرس کے متعلق عوام میں بڑے پیمانے پر شعور بیدار کی جارہی ہے ۔ کمشنر پولیس کی ہدایت پر جاری کردہ نئی گاڑیوں پر مائیک نصب کرتے ہوئے اعلانات کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ عوام کی سہولیات کے لیے کویڈ 19 کنٹرول روم کا قیام عمل میں لایا گیا ہے ۔ جس کے ذریعہ اہم اطلاعات و اعلانات کے علاوہ شہریوں کو ضروری سہولیات کی فراہمی کے اقدامات کئے جارہے ہیں اور انہیں پاسس جاری کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ بھوک سے بے حال و پریشان عوام میں غذا کی تقسیم عمل میں لائی جارہی ہے اور عملہ کی کارکردگی کے علاوہ عملہ کو سہولیات کا جائزہ بھی لیا جارہا ہے اور انہیں مشورہ اور ہدایت بھی ڈی سی پی ٹرافک رچہ کنڈہ کی نگرانی میں دئیے جارہے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ تاحال ایمرجنسی ضروریات کے لیے 6600 گاڑیوں کو وہیکل پاسس جاری کئے گئے ۔ انہوں نے لاک ڈاؤن کا احترام کرنے اور اپنی حفاظت کرنے کی شہریوں سے اپیل کی ۔۔