تمام تیاریاں مکمل۔ کمشنر پولیس ڈی ایس چوہان کا اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ اجلاس
حیدرآباد۔/27 ستمبر، ( سیاست نیوز) رچہ کنڈہ پولیس کمشنریٹ حدود میں گنیش وسرجن کیلئے وسیع تر صیانتی انتظامات کئے گئے ہیں اور وسرجن کے پُرامن اختتام کیلئے تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ یہ بات کمشنر پولیس رچہ کنڈہ مسٹر دیویندر سنگھ چوہان نے بتائی۔ انہوں نے آج ایک اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ رچہ کنڈہ پولیس کے علاوہ اضلاع سے بندوبست کیلئے آئے پولیس عہدیداروں نے اس اجلاس میں شرکت کی۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ رچہ کنڈہ حدود کے تمام تر تالاب اور وسرجن کے مقامات پر دیگر محکموں کے اشتراک سے انتظامات کرلئے گئے ہیں اور سخت نگرانی جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گنیش جلوس کی نگرانی اور انتظامات میں افرادی قوت کے علاوہ ٹکنالوجی کا بھی استعمال کیا جارہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جملہ 3600 کیمروں سے نگرانی کی جائے گی ۔ کسی بھی ناخوشگوار واقع پر فوری حرکت میں آنے اور کارروائی کیلئے فورس کو چوکس کردیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گذشتہ سال رچہ کنڈہ کمشنریٹ میں 9 ہزار مورتیوں کی تنصیب عمل میں لائی گئی تھی جبکہ جاریہ سال 11 ہزار مورتیوں کی تنصیب کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بہتر انتظامات کیلئے تقریبا ایک ماہ سے مشق جاری ہے اور ہر گنیش منڈپ کا ریکارڈ حاصل کیا گیا ہے۔ گنیش مورتی و منڈپ آرگنائزرس کو قبل از وقت رجسٹریشن اور پولیس کو اطلاع دینے کی ہدایت دی گئی تاکہ مورتیوں کے لحاظ سے ٹریفک اور بھیڑ کو دیکھتے ہوئے وسرجن کے اقدامات کئے جاسکیں۔ انہوں نے عہدیداروں کو چوکس رہنے کی ہدایت دی اور عوام سے بندوبست اور انتظامات میں تعاون کی خواہش کی ۔ اس اجلاس میں رچہ کنڈہ پولیس کمشنریٹ کے دیگر اعلیٰ عہدیدار موجود تھے۔