رکشا بندھن پر خواتین کو نوئیڈا پولیس کا تحفہ، مفت ہیلمٹ، چالان بھی معاف

   

نئی دہلی :پورے ملک میں رکشا بندھن کا تہوار دھوم دھام سے منایا گیا۔ اس تہوار کو خاص بنانے اور خواتین میں ٹریفک بیداری بڑھانے کیلئے نوئیڈا ٹریفک پولیس نے ایک انوکھی پہل کی ۔ اس کے تحت 19 اگست کو خواتین کا چالان نہیں کاٹنے اور پولیس ٹیم کی طرف سے انہیں ہیلمٹ مفت تقسیم کرنے کا اعلان کیا گیا ۔ میڈیاکے مطابق نوئیڈا ٹریفک پولیس نے پیر کو رکشا بندھن کے موقع پر خواتین میں ٹریفک کے سلسلے میں بیداری پیدا کرنے کیلئے الگ الگ چوراہوں پر مہم چلائی جس میں ٹریفک پولیس ایک بھائی کی طرح خواتین کے تحفظ کیلئے ہیلمٹ کی مفت تقسیم عمل میں لائی گئی۔ اس کے علاوہ ٹریفک پولیس کی طرف سے خواتین کا چالان بھی نہیں کاٹا گیا۔ چالان اس لیے نہیں کاٹا گیا تاکہ وہ اپنے بھائیوں کو بغیر کسی رکاوٹ کے راکھی باندھ سکیں۔ واضح ہو کہ اس سے قبل اترپردیش کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ بھی ریاست کی خواتین کو راکھی کا تحفہ دے چکے ہیں جس کے تحت خواتین کو اس دن یوپی کی روڈویز کی بسوں میں مفت سفر کی سہولت دی گئی۔