رکنیت بحالی کے بعد وایناڈ پہلی بار پہنچے راہل گاندھی، قبائلیوں کے حقوق کی وکالت کی

   

نئی دہلی: کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے اتوار کو قبائلی حقوق کی وکالت کی اور کہا کہ قبائلی بھائی بہن ‘ملک کے اصل مالک’ ہیں۔ انہوں نے قبائلیوں کے حقوق پر بھی زور دیا اور کہا کہ انہیں زمین اور جنگلات پر ان کے حقوق دیے جائیں۔ لوک سبھا کی رکنیت بحال ہونے کے بعد کانگریس لیڈر پہلی بار اپنے پارلیمانی حلقے میں تھے۔خبر رساں ایجنسی اے این آئی کے مطابق راہل گاندھی نے وائناڈ کے ایک ہسپتال میں بجلی کی سہولت کا افتتاح کرنے کے بعد جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا، ‘میں پورے ملک کا سفر کر رہا ہوں اور ہندوستان بھر کے قبائلی بھائیوں اور بہنوں سے ملا ہوں۔ ‘آدیواسی’ نام کا ایک لفظ ہے، جس کا مطلب ہے زمین کا اصل مالک۔ اس کا مطلب ہے ایک خاص علم، ہم جس زمین پر رہتے ہیں اس کے ماحول کے بارے میں ایک خاص سمجھ، جس سیارے پر ہم رہتے ہیں اس کے ساتھ ایک خاص تعلق، اور یہ بھی کہ ہم ‘اس ملک کے اصل مالکان’ ہیں۔