ٹی آر ایس قائدین کو ورکنگ صدر کی ہدایت ۔ بلدی انتخابات کیلئے مکمل تیار رہنے کی خواہش
حیدرآباد۔یکم ۔اگسٹ(سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹر سمیتی محلہ واری اساس پر پارٹی کی کمیٹیوں کی تشکیل کا عمل 10اگسٹ سے 20 اگسٹ کے درمیان مکمل کرے گی ۔ کارگذار صدر تلنگانہ راشٹر سمیتی مسٹر کے ٹی راما راؤ نے آج پارٹی کے سینیئر سرکردہ قائدین کے ہمراہ جائزہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے رکنیت سازی مہم کے سلسلہ میں تبادلہ خیال کیا اور کہا کہ تمام امور کی 10اگسٹ سے قبل تکمیل کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جائیں اور 20 اگسٹ تک ریاست کے تمام بوتھ واری اور محلہ واری اساس پر تشکیل دی جانے والی کمیٹیوں کو قطعیت دی جائے۔ مسٹر کے ٹی راما راؤ کی جانب سے طلب کردہ اجلاس میں جناب محمد محمود علی ریاستی وزیر داخلہ ‘ مسٹر پی راجیشور ریڈی ‘ مسز سبیتا اندرا ریڈی کے علاوہ دیگر موجود تھے۔ مسٹر کے ٹی راما راؤ نے پارٹی قائدین کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں بلدی انتخابات کا اعلامیہ کسی بھی وقت جاری ہوسکتا ہے اسی لئے پارٹی قائدین کو ریاست میں مجوزہ انتخابات کے لئے مکمل طور پر تیار رہنے کی ضرورت ہے ۔ انہو ںنے بتایا کہ ریاست میں اپوزیشن انتہائی کمزور ہوچکی ہے لیکن اس کے باوجود بھی تلنگانہ راشٹر سمیتی کو چوکنا رہتے ہوئے پارٹی اور حکومت کی جانب سے انتخابی وعدوں کو جو پورے کئے جا چکے ہیں ان سے عوام کو واقف کروانے کی ضرورت ہے۔ کارگذار صدر ٹی آر ایس نے کہا کہ ریاست میں محلہ واری اساس پر تشکیل دی جانے والی کمیٹیوں میں تمام طبقات کو نمائندگی فراہم کرنے کے اقدامات کئے جائیں اور ہر کمیٹی میں ایس سی ‘ ایس ٹی ‘ بی سی کے علاوہ اقلیتی طبقہ سے نمائندگی فراہم کی جائے ۔ انہوں نے پارٹی قائدین کو عوام سے تال میل کو بہتر بنانے کے علاوہ پارٹی کے استحکام کے لئے کام کرنے پر توجہ مرکوز کرنے کی ہدایت دی۔
بتایاجاتا ہے کہ اجلاس کے دوران مسٹر کے ٹی راما راؤ نے تلنگانہ میں بھارتیہ جنتا پارٹی کو حاصل ہونے والی عوامی تائید کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ان حالات میں پارٹی کے ہر کارکن کو باخبر رہنے کی ضرورت ہے کیونکہ ان امور کو نظر انداز کئے جانے کی صورت میں بھارتیہ جنتا پارٹی استحکام حاصل کرسکتی ہے اسی لئے پارٹی کارکنوں اور قائدین کو ریاست میں فسطائیت اور فرقہ واریت کو روکنے کے لئے سرگرم رہنے کی تاکید کی ۔انہو ںنے بھارتیہ جنتا پارٹی کی جانب سے کی جانے والی تنقیدوں کا کام کے ذریعہ جواب دینے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی جانب سے ٹی آر ایس کو نشانہ بناتے ہوئے عوام میں بدظنی پھیلانے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔ مسٹر کے ٹی آر نے کہا کہ بلدی انتخابات میں عوام ریاست میں موجود دیگر سیاسی جماعتوں کو پوری طرح سے مسترد کردیں گے اور تلنگانہ راشٹر سمیتی کو دوبارہ کامیاب بناتے ہوئے استحکام بخشیں گے لیکن انہیں حکومت کی کارکردگی اور خدمات سے واقف کروایا جانا چاہئے ۔