رکنیت سے نااہل قرار دینے وائی ایس آر کانگریس رکن پارلیمنٹ کو نوٹس

   

مخالف پارٹی سرگرمیوں کا الزام، برسر اقتدار پارٹی کی شکایت پر کارروائی
حیدرآباد۔16 ۔جولائی (سیاست نیوز) وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے باغی رکن پارلیمنٹ رگھورام کرشنا راجو کو لوک سبھا کی رکنیت سے نااہل قرار دینے کی شکایت پر لوک سبھا سکریٹریٹ میں کارروائی شروع کی ہے۔ لوک سبھا سکریٹریٹ کی جانب سے رگھورام کرشنا راجو کو نوٹس جاری کی گئی اور اندرون 15 یوم جواب دینے کی مہلت دی گئی۔ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ مخالف پارٹی سرگرمیوں میں حصہ لینے پر ان کے خلاف کیوں نہ کارروائی کی جائے جس میں رکنیت سے نااہلی شامل ہیں۔ واضح رہے کہ وائی ایس آر کانگریس پارٹی نے رگھورام کرشنا راجو کو نااہل قرار دینے کیلئے لوک سبھا اسپیکر اوم برلا سے شکایت کی تھی۔ رگھورام راجو نرسا پور لوک سبھا حلقہ سے وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے ٹکٹ پر منتخب ہوئے لیکن انہوں نے مخالف پارٹی سرگرمیوں میں حصہ لیا ۔ لوک سبھا میں وائی ایس آر کانگریس کے قائد وجئے سائی ریڈی اور پی وی متھن ریڈی نے پارٹی وہپ کے ہمراہ اسپیکر سے شکایت کی ۔ انہوں نے مخالف پارٹی سرگرمیوں کی تفصیلات پر مشتمل دستاویزات داخل کئے ۔ دستور کے 10 ویں شیڈول کے مطابق مخالف پارٹی سرگرمیوں میں حصہ لینے پر رکنیت سے نااہل قرار دینے کی گنجائش موجود ہے۔ واضح رہے کہ رگھو رام راجو نے غیر محسوب اثاثہ جات مقدمہ میں جگن موہن ریڈی کی ضمانت منسوخ کرنے کیلئے عدالت میں درخواست داخل کی ہے۔