رکن اسمبلی جگاریڈی کے خلاف کانگریس ہائی کمان کی کارروائی

   

پارٹی کی ذمہ داریوں سے علحدہ کردیا گیا، ناراض سرگرمیوں پر کنٹرول کی حکمت عملی

حیدرآباد۔/22 مارچ، ( سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے ناراض سرگرمیوں کے خلاف کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے رکن اسمبلی جگاریڈی کو پہلا نشانہ بنایا ہے۔ جگا ریڈی نے حال ہی میں ناراض قائدین کا اجلاس طلب کیا تھا اور وہ مسلسل ریونت ریڈی کے خلاف بیان بازی کررہے ہیں۔ ہائی کمان کی ہدایت کے باوجود ناراض سرگرمیاں جاری رکھنے پر پارٹی نے انہیں تنظیمی سطح پر دی گئی تمام ذمہ داریوں سے دستبرداری اختیار کرلی ہے۔ جگاریڈی جو پردیش کانگریس کمیٹی کے ورکنگ پریسیڈنٹ بھی ہیں انہیں دیگر ورکنگ پریسیڈنٹس کی طرح بعض لوک سبھا حلقوں اور مہیلا کانگریس کا انچارج مقرر کیا تھا۔ ہائی کمان کی عدول حکمی کے بعد اے آئی سی سی نے ایک نیا سرکولر جاری کرتے ہوئے جگا ریڈی کو پارٹی ذمہ داریوں سے سبکدوش کردیا ہے۔ اس کارروائی کے ذریعہ پارٹی نے ناراض قائدین کو سخت پیام دینے کی کوشش کی ہے تاکہ ریونت ریڈی کے خلاف جاری سرگرمیوں کو روکا جاسکے۔ جگاریڈی جو سنگاریڈی کے رکن اسمبلی ہیں انہوں نے ریونت ریڈی کو عہدہ سے برطرف کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ میدک ضلع کا دورہ کرتے وقت جگاریڈی کو اطلاع نہ دینے پر وہ ناراض تھے۔ جنرل سکریٹری انچارج تلنگانہ مانکیم ٹیگور سے ریونت ریڈی نے ملاقات کرتے ہوئے ناراض قائدین کی سرگرمیوں سے واقف کرایا۔ دیگر قائدین پر کنٹرول کیلئے سب سے پہلے جگاریڈی کو پارٹی کی ذمہ داریوں سے سبکدوش کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ جگاریڈی لوک سبھا حلقہ جات کھمم، ورنگل، بھونگیر اور کریم نگر کے انچارج تھے اس کے علاوہ انہیں مہیلا کانگریس، آئی این ٹی یو سی، لیبر اور غیر منظم ورکرس کے شعبہ جات کی ذمہ داری دی گئی تھی۔ ہائی کمان کے فیصلہ کے بعد وہ ورکنگ پریسیڈنٹ کے عہدہ پر برقرار رہیں گے لیکن انہیں تنظیم کی کوئی ذمہ داری نہیں رہے گی۔ پارٹی کے ورکنگ پریسیڈنٹ مہیش کمار گوڑ نے ورکنگ پریسیڈنٹس کی نئی ذمہ داریوں کے بارے میں سرکولر جاری کیا جس میں جگا ریڈی کے نام کے آگے کچھ بھی درج نہیں ہے۔ ر