رکن اسمبلی جیون ریڈی کے کار قافلہ کو حادثہ، 3 افراد زخمی

   

حیدرآباد۔/31 مئی، ( سیاست نیوز) بی آر ایس رکن اسمبلی جیون ریڈی کی گاڑیوں کا قافلہ نظام آباد میں حادثہ کا شکار ہوگیا تاہم اس حادثہ میں رکن اسمبلی محفوظ رہے۔ اطلاعات کے مطابق آرمور علاقہ میں کئی شادیوں کی تقاریب میں شرکت کیلئے رکن اسمبلی جیون ریڈی کاروں کے قافلہ کے ساتھ روانہ ہوئے۔ پرکٹ ایم آر گارڈن کے قریب قافلہ میں شامل ایک کار نے اچانک بریک لگائی جس کے نتیجہ میں پیچھے سے آنے والی گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں۔ آرمور میونسپلٹی کے وائس چیرمین کی کار نے دوسری کار کو ٹکر دے دی جس کے نتیجہ میں کونسلر رنگنا اور گنگا موہن زخمی ہوگئے۔ رنگنا کو خانگی ہاسپٹل میں داخل کرایا گیا۔ وائس چیرمین کے بھائی کے پیر میں فریکچر آیا اور انہیں نظام آباد گورنمنٹ ہاسپٹل منتقل کیا گیا۔ واضح رہے کہ موجودہ ایام شادیوں کے سیزن کے طور پر شہرت رکھتے ہیں۔
ریاست بھر میں بہتر مہورت کے پیش نظر سینکڑوں کی تعداد میں شادیاں ہیں اور عوامی نمائندوں کو شرکت کیلئے مجبور ہونا پڑ رہا ہے۔ جیون ریڈی اپنے انتخابی حلقہ آرمور میں شادی کی تقاریب میں پابندی سے شرکت کرتے ہیں۔ جیون ریڈی نے حادثہ میں زخمی افراد کے بہتر علاج کیلئے ڈاکٹرس کو ہدایت دی۔ر