12لاکھ کے خرچ سے غریب نوجوان کی گردہ کی پیوند کاری کا انتظام
حیدرآباد : 2 نومبر ( سیاست نیوز) منوگوڑ اسمبلی حلقہ کے کانگریس رکن کومٹ ریڈی راج گوپال ریڈی نے اپنے ذاتی خرچ سے ایک غریب نوجوان کی گردہ کی پیوند کاری کا انتظام کرتے ہوئے 12لاکھ 50 ہزار روپئے فراہم کئے ۔منوگوڑ اسمبلی حلقہ کے چوٹ اپل منڈل سے تعلق رکھنے والے 26سالہ نوجوان ایم گنیش کو گزشتہ کچھ عرصہ سے گردے کا عارضہ تھا ۔ ڈاکٹرس نے گردہ کی پیوند کاری کا مشورہ دیا اور کہا کہ زندگی بچانے کیلئے یہ ضروری ہے ۔ گردے کی پیوند کاری کیلئے لاکھوں روپئے کا خرچ ہوتا ہے جسے ادا کرنے سے غریب خاندان قاصر تھا ۔ گنیش کے والدین نے اس سلسلہ میں کومٹ ریڈی راج گوپال ریڈی سے نمائندگی کی اور کہا کہ گنیش کی صحت دن بہ دن بگڑ رہی ہے ۔ شہر کے خانگی ہاسپٹل میں 12لاکھ 50ہزار روپئے ادا کرتے ہوئے راج گوپال ریڈی نے گنیش کی گردہ کی پیوند کاری کا انتظام کیا ۔پیوند کاری کی کامیاب سرجری کے بعد راج گوپال ریڈی نے آج ہاسپٹل پہنچ کر گنیش سے ملاقات کی اور آئندہ بھی علاج کے لئے تعاون کا یقین دلایا ۔ والدین نے خطیر رقم خرچ کرتے ہوئے فرزند کی زندگی بچانے پر رکن اسمبلی سے اظہار تشکر کیا ۔ راج گوپال ریڈی نے خانگی ہاسپٹل کو 12لاکھ 50 ہزار روپئے کا چیک حوالہ کیا ۔رکن اسمبلی کے جذبہ انسانی ہمدردی کی عوام کی جانب سے ستائش کی جارہی ہے ۔ 1