رکن اسمبلی سدرشن ریڈی نے حکومت کےمشیر کے عہدہ کا جائزہ حاصل کرلیا

   

حیدرآباد ۔ 5۔نومبر (سیاست نیوز) بودھن کے رکن اسمبلی پی سدرشن ریڈی نے آج تلنگانہ سکریٹریٹ میں حکومت کے مشیر کے عہدہ کا جائزہ حاصل کرلیا۔ حکومت نے 6 انتخابی وعدوں کی تکمیل کے سلسلہ میں سدرشن ریڈی کو کابینی درجہ کے ساتھ حکومت کا مشیر مقرر کیا ہے۔ انہیں سکریٹریٹ میں وزراء کی طرح چیمبر الاٹ کیا گیا اور سرکاری قیامگاہ فراہم کی گئی ہے ۔ سدرشن ریڈی کا شمار چیف منسٹر ریونت ریڈی کے بااعتماد قائدین میں ہوتا ہے۔ سدرشن ریڈی نے چیمبر میں خصوصی پوجا کے بعد اپنے عہدہ کا جائزہ لیا۔ وزیر زراعت ٹی ناگیشور راؤ ، صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ ، صدرنشین قانون ساز کونسل سکھیندر ریڈی ، گورنمنٹ وہپ اے سرینواس ، نائب صدرنشین تلنگانہ پلاننگ بورڈ جی چنا ریڈی ، وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر ، چیف منسٹر کے مشیر نریندر ریڈی کے علاوہ ارکان اسمبلی اور حکومت کے اعلیٰ عہدیداروں نے سدرشن ریڈی کو مبارکباد پیش کی۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سدرشن ریڈی نے کہا کہ چیف منسٹر نے انتخابی وعدوںکی تکمیل کی نگرانی کے لئے انہیں اہم ذمہ داری دی ہے ۔ 6 انتخابی وعدوں کے علاوہ وہ دیگر فلاحی اسکیمات پر عمل آوری کا جائزہ لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عنقریب عہدیداروں کے ساتھ اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کرتے ہوئے اسکیمات کی پیشرفت کا جائزہ لیا جائے گا ۔1