رکن اسمبلی سی ایچ رمیش کی شہریت پر ہائی کورٹ میں سماعت

   

Ferty9 Clinic

وزارت داخلہ پر برہمی، سفارت خانہ سے تفصیلات حاصل کرنے کی ہدایت
حیدرآباد: تلنگانہ ہائی کورٹ نے ٹی آر ایس رکن اسمبلی سی ایچ رمیش کی ہندوستانی شہریت کے مقدمہ کی سماعت کے دوران وزارت داخلہ پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے حلفنامہ داخل کرنے کی ہدایت دی۔ سی ایچ رمیش جو سرسلہ کے ویملواڑہ اسمبلی حلقہ سے منتخب ہوئے ، ان پر جرمنی اور ہندوستان کی دوہری شہریت کا الزام ہے ۔ مرکزی وزارت داخلہ نے جرمنی کی شہریت کے باعث ہندوستانی شہریت منسوخ کرتے ہوئے احکامات جاری کئے جسے ہائی کورٹ میں چیلنج کیا گیا۔ ہائی کورٹ نے حکم التواء جاری کیا ۔ اس مقدمہ کی آج سماعت ہوئی۔ عدالت نے کہا کہ سفارت خانہ سے شہرت کے بارے میں تفصیلات داخل نہیں کی گئیں تو رکن اسمبلی کے عہدہ سے نااہل قرار دیا جاسکتا ہے۔ عدالت نے سوال کیا کہ کیوں نہ رکن اسمبلی کے عہدہ سے برطرف کرنے کی کارروائی کی جائے ۔ مرکزی وزارت داخلہ کو حلفنامہ داخل کرنے کیلئے 20 جنوری کا وقت دیا گیا۔ مرکزی وزارت داخلہ کی جانب سے حلفنامہ کے بجائے صرف میمو داخل کیا گیا جس پر عدالت نے برہمی ظاہر کی۔ عدالت نے کہا کہ رکن اسمبلی کی شہریت کے بارے میں سفارت خانہ سے مکمل تفصیلات حاصل کرتے ہوئے جوابی حلفنامہ داخل کیا جائے۔ اس سلسلہ میں 18 نومبر کو ہائیکورٹ نے ہدایت دی تھی۔ باوجود اس کے حلفنامہ داخل نہیں کیا گیا۔ فروری 2020 ء کو وزارت داخلہ نے رکن اسمبلی کی جرمنی کی شہریت کی توثیق کرتے ہوئے میمو جاری کیا تھا اور یہی میمو ہائی کورٹ میں پیش کیا گیا۔ عدالت نے وزارت داخلہ کو ہدایت دی کہ جرمنی کے سفارت خانہ سے شہریت کے بارے میں تفصیلات حاصل کرتے ہوئے حلفنامہ داخل کیا جائے ۔ واضح رہے کہ کورونا لاک ڈاؤن سے رمیش جرمنی میں قیام پذیر ہیں اور حلقہ کے عوام پارٹی قائدین ان پر ناراضگی کا اظہار کر رہے ہیں۔