رکن اسمبلی قرار دینے ڈی کے اروناکی سکریٹری لیجسلیچر سے ملاقات

   

حیدرآباد۔/6 ستمبر، ( سیاست نیوز) بی جے پی کی قومی نائب صدر ڈی کے ارونا نے آج تلنگانہ اسمبلی کے سکریٹری سے ملاقات کی اور انہیں گدوال اسمبلی حلقہ کے رکن اسمبلی کے طور پر اعلان کرنے کا مطالبہ کیا۔ ڈی کے ارونا نے سکریٹری لیجسلیچر کو ہائی کورٹ کے احکامات حوالے کئے جس میں انہیں رکن اسمبلی گدوال قرار دینے کی ہدایت دی گئی۔ گدوال کے بی آر ایس رکن اسمبلی کرشنا موہن ریڈی کی رکنیت کو عدالت نے کالعدم قرار دیتے ہوئے ڈی کے ارونا کو رکن اسمبلی قرار دینے کی ہدایت دی۔ ہائی کورٹ کے احکامات پر عمل نہ ہونے کے بعد ڈی کے ارونا نے الیکشن کمیشن آف انڈیا سے نمائندگی کی۔ الیکشن کمیشن نے چیف الیکٹورل آفیسر اور سکریٹری لیجسلیچر کو ہدایت دی کہ ڈی کے ارونا کو رکن اسمبلی قرار دیتے ہوئے گزٹ نوٹیفکیشن جاری کیا جائے۔ الیکشن کمیشن آف انڈیا کے احکامات پر عمل آوری کیلئے ڈی کے ارونا نے نمائندگی کی۔

بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ارونا نے بتایا کہ 2018 اسمبلی چناؤ میں ٹی آر ایس امیدوار کرشنا موہن ریڈی نے الیکشن کمیشن کو گمراہ کن حلفنامہ داخل کیا جس کے خلاف وہ ہائی کورٹ سے رجوع ہوئی تھیں۔ ارونا نے بتایا کہ ہائی کورٹ اور الیکشن کمیشن آف انڈیا کے احکامات سکریٹری لیجسلیچر کے حوالے کئے گئے۔ ارونا کے مطابق اسپیکر اسمبلی فون پر دستیاب نہیں ہوئے۔ احکامات کے 15 دن گذرنے کے باوجود عمل آوری نہیں کی گئی۔ انہوں نے لیجسلیچر سکریٹریٹ اور الیکٹورل آفیسر کے رویہ پر ناراضگی جتائی۔