انسپکٹر چادر گھاٹ پر ایف آئی آر کے باوجود کارروائی نہ کرنے بی جے پی وفد کا الزام
حیدرآباد ۔ /28 مئی (سیاست نیوز) ملک پیٹ کے مجلسی رکن اسمبلی احمد بلعلہ کی گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے بی جے پی لیڈرس کے وفد نے پولیس عہدیداروں سے نمائندگی کی ۔ بی جے پی ایم ایل سی این رامچندر راؤ کی زیرنگرانی درخواست گزار بی جے پی دلت لیڈر بنگارو شروتی ، ڈاکٹر بھگونت راؤ اور بی جے پی ایس سی مورچہ کے صدر ویمولا اشوک نے دفتر پولیس کمشنر بشیرباغ پہونچ کر کمشنر انجنی کمار سے ملاقات کی کوشش کی لیکن وہ دفتر میں نہ ہونے کے نتیجہ میں وفد نے اڈیشنل کمشنر پولیس لا اینڈ آرڈر ڈی ایس چوہان کو ایک یادداشت پیش کی ۔ یادداشت میں بی جے پی لیڈرس نے مطالبہ کیا کہ چادر گھاٹ پولیس اسٹیشن میں احمد بلعلہ کے خلاف ایس سی ، ایس ٹی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کئے جانے کے باوجود ان کے خلاف انسپکٹر نے کوئی کارروائی نہیں کی ۔ وفد نے یادداشت میں عہدیداروں کو واقف کروایا کہ ملک پیٹ رکن اسمبلی اس کیس سے جڑے افراد پر اثر انداز ہوسکتے ہیں اور اس کیس کو کمزور کرنے ہائی کورٹ سے رجوع ہونے کا بھی ارادہ رکھتے ہیں ۔ اڈیشنل کمشنر سے ملاقات کے بعد بی جے پی لیڈرس نے میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چادر گھاٹ انسپکٹر نے ایف آئی آر جاری کرنے کے باوجود رکن اسمبلی کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ /9 مئی کو پولیس اسٹیشن میں بی جے پی کے سکریٹری ایس سی مورچہ بنگارو شروتی کی شکایت پر ایک مقدمہ مجلسی رکن اسمبلی احمد بلعلہ کے خلاف درج کیا گیا تھا اور اس کیس پر کوئی کارروائی نہیں کی گئی ہے ۔ واضح رہے کہ رکن اسمبلی نے /7 مئی کو علاقہ کمل نگر میں بی جے پی دلت لیڈر بنگارو شروتی کے خلاف مبینہ طورپر قابل اعتراض الفاظ کا استعمال کیا تھا جس کے نتیجہ میں ان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔ چادر گھاٹ کے علاقہ کمل نگر میں مجلسی کارکن شکیل نے ایک دلت لڑکی کی مبینہ عصمت ریزی کی تھی جس کے نتیجہ میں اسے پولیس نے گرفتار کیا تھا ۔ اس متاثرہ لڑکی کی عیادت کیلئے پہونچنے والی بی جے پی دلت لیڈر سے بدسلوکی کی گئی تھی ۔
