ونپرتی کے عوام کے دیرینہ مطالبہ کی تکمیل
حیدرآباد۔/7 اگسٹ، ( سیاست نیوز) عوامی مسائل سے واقفیت حاصل کرنے کیلئے ہر عوامی نمائندہ کا انداز مختلف ہوتا ہے۔ ونپرتی کے رکن اسمبلی ٹی میگھا ریڈی نے بس ڈرائیور بن کر ہر کسی کو حیرت میں ڈال دیا۔ ٹی میگھا ریڈی اسمبلی کیلئے منتخب ہونے کے بعد سے عوامی مسائل کی یکسوئی میں غیر معمولی دلچسپی لے رہے ہیں۔ انہوں نے ونپرتی ٹاؤن میں بسوں کی تعداد میں اضافہ سے متعلق عوامی نمائندگیوں کا جائزہ لینے کی کوشش کی اور خود آر ٹی سی بس چلاتے ہوئے ٹاؤن پہنچے۔ گذشتہ بی آر ایس حکومت نے بسوں کی تعداد میں اضافہ کی درخواست پر کوئی کارروائی نہیں کی تھی۔ میگھا ریڈی نے حکام سے نمائندگی کرتے ہوئے بسوں کی تعداد میں اضافہ کیا اور بس ڈرائیونگ کے ذریعہ ہر کسی کو حیرت میں ڈال دیا۔ ونپرتی ٹاون میں آر ٹی سی کی مقامی بس سرویسیس کا آغاز ہوچکا ہے۔ نئی بس سرویسس کے آغاز پر خود رکن اسمبلی نے ڈرائیونگ کرتے ہوئے تقریباً 10 کلو میٹر کا سفر طئے کیا اور مسافرین کو ان کے بس اسٹاپ پر پہنچایا۔ کئی افراد رکن اسمبلی کی بس ڈرائیونگ سے حیرت میں پڑ گئے۔ ونپرتی شہر میں رکن اسمبلی کی بس ڈرائیونگ موضوع بحث بن چکی ہے اور عوام کی جانب سے بسوں کی تعداد میں اضافہ کا خیرمقدم کیا جارہا ہے۔1