رکن اسمبلی ویملواڑہ کی شہریت کے معاملہ پر کانگریس قائد کی تنقید

   

حیدرآباد۔/12 فبروری، ( سیاست نیوز) سینئر کانگریس قائد مسٹر اے سرینواس نے رکن اسمبلی ویملواڑہ مسٹر سی ایچ رمیش کی شہریت معاملہ پر سخت ریمارکس کئے اور دریافت کیا کہ آیا مسٹر رمیش اپنے آپ کو ہندوستانی شہریت کے حامل کہتے ہوئے جرمنی کے پاسپورٹ پر جرمنی کا کس طرح دورہ کررہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جرمنی کے پاسپورٹ پر مدراس سے جرمنی روانہ ہونے کی نوبت کیوں آئی، اس سلسلہ میں عوام کے روبرو وضاحت کرنے مسٹر رمیش سے پرزور مطالبہ کیا۔ کانگریس قائد مسٹر اے سرینواس نے پرزور الفاظ میں مسٹر سی ایچ رمیش کو ہدف ملامت بناتے ہوئے کہا کہ مرکزی وزار ت داخلہ نے تین مرتبہ مسٹر سی ایچ رمیش کو ہندوستانی شہری نہ ہونے کا واضح طور پر اعلان کرنے کے باوجود گزشتہ 11 سال سے حلقہ اسمبلی کے عوام کو اور ملک کو دھوکہ دے رہے ہیں۔ جبکہ ملک کی عدلیہ نے مسٹر سی ایچ رمیش کو ہندوستانی شہری نہ ہونے کا واضح طور پر اظہار کرنے کے باوجود عقبی راستہ سے شہریت حاصل کرکے متنازعہ بن جانے والے مسٹر سی ایچ رمیش کو تلنگانہ راشٹرا سمیتی نے انتخابات میں پارٹی ٹکٹ دیا۔ ٹی آر ایس کی جانب سے مسٹر رمیش کو پارٹی ٹکٹ دیئے جانے پر اپنی شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے مسٹر اے سرینواس نے کہا کہ اب تک ہی ملک کی عدلیہ نے مسٹر رمیش کے تعلق سے کئی مرتبہ سخت ریمارکس کئے ۔ اس کے باوجود انہیں ( رمیش کو ) عقل نہیں آئی لہذا حلقہ اسمبلی کے عوام سے غیر مشروط معذرت خواہی کرنے کا مسٹر رمیش سے کانگریس قائد مسٹر اے سرینواس نے پرزور مطالبہ کیا ۔