ووٹ برائے نوٹ مقدمہ میں اے سی بی چارج شیٹ کو چیلنج
حیدرآباد: تلنگانہ ہائی کورٹ کے جسٹس شمیم اختر نے رکن اسمبلی ایس وینکٹ ویریا کی درخواست کو مسترد کردیا جس میں انہوں نے ووٹ برائے نوٹ مقدمہ میں ان کا نام خارج کرنے کی درخواست کی تھی ۔ 2015 ء کے ایم ایل سی انتخابات میں تلگو دیشم امیدوار نریندر ریڈی کو ووٹ دینے کیلئے ایک آزاد رکن اسمبلی کو رشوت کی پیشکش کی گئی تھی ۔ اس معاملہ میں ایس وینکٹ ویریا بھی ایک ملزم ہے ۔ جسٹس شمیم اختر نے اینٹی کرپشن بیورو کے وکیل کے استدلال کا حوالہ دیا جس میں کہا گیا ہے کہ وینکٹ ویریا کے دوسرے ملزم ریونت ریڈی اور دیگر سے ملاقات کے شواہد موجود ہیں۔ انہوں نے ہوٹل میں ملاقات کی اور فون پر بات چیت کی ۔ فارنسک سائنس لیاب میں اس کی تصدیق ہوئی ہے۔ فاضل جج نے کہا کہ ایسے وقت جبکہ سی بی آئی چارج شیٹ داخل کرنے کے مرحلہ میں ہے کسی نام کو حذف نہیں کیا جاسکتا ۔ عدالت نے کہا کہ تحقیقاتی افسر کو سی آر پی سی کے تحت اضافی چارج شیٹ داخل کرنے کا حق حاصل ہے جس میں وینکٹ ویریا کو ملزم قرار دیا گیا ہے ۔