رکن اسمبلی ڈی ناگیندر کے خلاف تلنگانہ ہائی کورٹ میں درخواست

   

بی جے پی لیڈر مہیشور ریڈی نے اسپیکر کے فیصلے کو چیالنج کیا
حیدرآباد۔ 22 مارچ (سیاست نیوز) خیریت آباد کے رکن اسمبلی ڈی ناگیندر کو انحراف کے الزامات کے معاملہ میں اسپیکر اسمبلی پرساد کمار نے کلین چٹ دے دی ہے لیکن یہ معاملہ تلنگانہ ہائی کورٹ پہنچ چکا ہے۔ اسمبلی میں بی جے پی کے فلور لیڈر اے مہیشور ریڈی نے اسپیکر کے فیصلے کو چیالنج کرتے ہوئے رٹ پٹیشن دائر کی ہے۔ مہیشور ریڈی نے عدالت سے درخواست کی ہے کہ اسپیکر کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے جنہوں نے ناگیندر کے خلاف دائر کی گئی درخواستوں کو مسترد کردیا تھا۔ یکم جولائی 2024 کو ناگیندر کے خلاف اسپیکر سے شکایت کی گئی جس میں کہا گیا تھا کہ بی آر ایس کے ٹکٹ پر 2023 اسمبلی چناؤ میں منتخب ہونے کے بعد 2024 میں کانگریس کے ٹکٹ پر لوک سبھا حلقہ سکندرآباد سے مقابلہ کرنا واضح طور پر انحراف کو ثابت کرتا ہے۔ بی جے پی اور بی آر ایس کی جانب سے ناگیندر کے انحراف کے حق میں ثبوت پیش کرنے کے باوجود اسپیکر پرساد کمار نے اپنے فیصلے میں ناگیندر کو کلین چٹ دے دی اور کہا کہ اسمبلی اسپیکر کے دائرہ کار کے تحت ناگیندر نے انحراف سے متعلق کوئی قدم نہیں اٹھایا ہے۔ ہائی کورٹ کے سنگل جج نے اسمبلی سکریٹری کو ہدایت دی تھی کہ ناگیندر کے خلاف پیش کردہ درخواست اسپیکر سے رجوع کی جائے۔ ہائی کورٹ کے ڈیویژن بنچ نے اسپیکر کو مناسب مدت کے دوران درخواستوں کی یکسوئی کی ہدایت دی۔ بعد میں یہ معاملہ سپریم کورٹ پہنچا جہاں اسپیکر کو اندرون تین ماہ درخواستوں کے یکسوئی کی ہدایت دی گئی۔ اسپیکر نے تین مراحل میں تمام 10 ارکان اسمبلی کے خلاف انحراف کی درخواستوں کو مسترد کرتے ہوئے کلین چٹ دے دی تھی۔ توقع ہے کہ اسپیکر کے فیصلے کے خلاف بی جے پی لیڈر کی درخواست پر جلد ہی سماعت ہوگی۔ 1