رکن اسمبلی کرشنا موہن ریڈی کی گھر واپسی نہیں ہوگی

   

کانگریس میں برقرار ی کا فیصلہ، جوپلی کرشنا راؤ کی کامیاب مساعی
حیدرآباد ۔ یکم اگسٹ (سیاست نیوز) کانگریس نے گدوال کے رکن اسمبلی کرشنا موہن ریڈی کی بی آر ایس میں گھر واپسی کو روکنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔ کرشنا موہن ریڈی نے کانگریس میں شمولیت کے 25 دن بعد اسمبلی میں بی آر ایس ورکنگ صدر کے ٹی راما راؤ سے ملاقات کی اور بی آر ایس میں برقرار رہنے کے فیصلے سے واقف کرایا۔ کرشنا موہن ریڈی کی گھر واپسی کو روکنے چیف منسٹر ریونت ریڈی نے محبوب نگر ضلع سے تعلق رکھنے والے وزیر اکسائز جوپلی کرشنا راؤ کو ذمہ داری دی تھی۔ کرشنا راؤ نے آج اچانک کرشنا موہن ریڈی کے مکان پہونچ کر ملاقات کی اور کانگریس میں برقرار رہنے کی ترغیب دی۔ ذرائع کے مطابق ناشتہ پر اِس گفتگو کے بعد کرشنا موہن ریڈی نے کانگریس میں برقراری سے اتفاق کرلیا اور ریاستی وزیر جوپلی کرشنا راؤ کے ہمراہ ایک ہی گاڑی میں گدوال سے سیدھے اسمبلی پہونچے۔ بتایا گیا کہ جوپلی کرشنا راؤ نے کرشنا موہن ریڈی کی چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ملاقات کرائی۔ واضح رہے کہ بی آر ایس کے 10 ارکان اسمبلی نے کانگریس میں شمولیت اختیار کی تھی جن میں سے کرشنا موہن ریڈی نے گھر واپسی کا فیصلہ کیا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ مقامی کانگریس قائدین کی مخالفت پر انہوں نے بی آر ایس میں واپس لوٹنے کا من بنایا تھا۔ جوپلی کرشنا راؤ نے رکن اسمبلی کو تیقن دیا کہ مقامی کانگریس قائدین کی جانب سے کوئی مخالفت نہیں کی جائے گی اور گدوال کی ترقی کیلئے حکومت کی جانب سے ممکنہ اقدامات کئے جائیں گے۔ 1